اسلا م آباد (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 266 اور صوبائی اسمبلیوں کے 593 حلقوں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔ہفتہ کو الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ کسی بھی حلقے کی حتمی حد بندی کی نقل اسلام آباد میں کمیشن کے سیکریٹریٹ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔الیکشن کمیشن نے ابتدائی فہرست جاری کرنے کے تقریبا دو ماہ بعد حتمی فہرست جاری کی ہے جہاں ابتدائی فہرست میں کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشستوں کو 342 سے کم کر کے 336 کر دیا تھا۔ابتدائی حد بندی میں الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 272 سے کم کر کے 266 کر دی تھی، خواتین کی 60 اور اقلیتوں کی 10 نشستوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔نشستوں کی تعداد میں کمی کی وجہ یہ تھی کہ 25ویں آئینی ترمیم کے بعد 2018 میں خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والی فاٹا کے لیے مختص 12 نشستیں ختم کردی گئیں اور آبادی کی بنیاد پر خیبر پختونخوا کو چھ نشستیں مختص کی گئی تھیں۔جہاں تک صوبوں کا تعلق ہے پنجاب کو این اے میں 141 جنرل نشستیں، سندھ کو 61، خیبر پختونخوا کو 45، بلوچستان کو 16 اور اسلام آباد کو تین نشستیں دی گئیں۔خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کے ایک حلقے کے لیے حد بندی کرتے ہوئے آبادی کی حد 7لاکھ 88ہزار933، اسلام آباد میں 6لاکھ 67ہزار789، پنجاب 7لاکھ 80ہزار 69، سندھ میں 7لاکھ 84ہزار500 اور بلوچستان میں 77ہزار946 رکھی گئی ہے۔ابتدائی فہرست الیکشن کمیشن کی جانب سے اپریل میں اعلان کردہ شیڈول کے مطابق جاری کی گئی تھی جس کے چند دن بعد انتخابی نگراں ادارے نے اکتوبر سے پہلے عام انتخابات کے انعقاد سے معذوری ظاہر کی تھی۔