حوثی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے سنجیدہ بات چیت میں شامل ہوں،ترجمان کا بیان
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان نے سعودی عرب کیخلاف ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے،پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اس کیساتھ کھڑا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان حوثیوں کی جانب سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔ترجمان کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اس کیساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان یمن میں پرامن تصفیہ کے حصول کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان تنازع یمن کے تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ پرامن اور بامعنی مذاکرات میں حصہ لیں۔ پاکستان نے کہا کہ تمام فریقین سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دشمنی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ رواں سال کے شروع میں طے پانے والی جنگ بندی نے نسبتا امن قائم کر نے میں مدد دی تھی۔ یہ افسوسناک امر ہے کہ حوثیوں کی جانب سے جنگ بندی کی تجدید نہیں کی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حوثیوں کا یہ فیصلہ عام یمنیوں کے لیے مشکلات میں اضافے کا باعث بنے گا۔ یہ فیصلہ ممکنہ طور پر پائیدار امن کے حصول کی کوششوں کو پٹڑی سے اتار سکتا ہے۔ ہم ایک بار پھر حوثیوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ عسکری سرگرمیاں اور دہشت گردانہ کارروائیاں بند کریں۔ پاکستان نے اپنے بیان میں مذید کہا کہ حوثی اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی بنیاد پر تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے سنجیدہ بات چیت میں شامل ہوں۔ حوثیوں کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کی تجدید کریں۔ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنگ کوئی مقصد نہیں ہے۔ تمام مسائل پرامن بات چیت کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس راستے کو جلد اپنانے سے ہزاروں معصوم جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ اسی راستے پر چل کر یمنی عوام کے مستقبل کی حفاظت کی جا سکتی ہے۔