صحافی ارشد شریف کی موت پر افسوس ہے،کینیا حکومت واقعے کی مکمل تحقیقات کرے
امریکا صحافیوں کو بلا خوف کام کرنے کے حق میں ہے، ترجمان محکمہ خارجہ نیڈ پرائس
واشنگٹن (ویب نیوز)
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق سوال پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نااہلی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے ،پاکستان کی اندرونی سیاست میں دخل اندازی نہیں کر سکتے۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک بریفنگ کے دوران پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم کی نااہلی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کے سوال پر جواب میں کہا کہ امریکا نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی اندرونی سیاست میں دخل اندازی نہیں کر سکتے، پاکستانی سیاسی نظام اور عدالت کے درمیان کسی تنازع پر بات نہیں کر سکتے، پاکستان کی اندرونی سیاست یا کسی ایسے تنازع پر جو پاکستان کے سیاسی نظام اور عدالت کے درمیان ہو بات نہیں کرنا چاہتے۔دوسری جانب امریکا کی جانب سے سینئر صحافی ارشد شریف کی موت پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔بریفنگ کے دوران امریکی وزارت خارجہ نے ارشد شریف کیس کی صاف تفتیش و تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کینیا حکومت پر زور دیتے ہیں کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہاکہ ارشد شریف کے خاندان اور ساتھیوں سے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں، ارشد شریف کی موت کی مکمل معلومات منظرِ عام پر ابھی تک نہیں آئیں۔ترجمان امریکی وزارت خارجہ نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ امریکا صحافیوں کو بلا خوف کام کرنے کے حق میں ہے، صحافی ارشد شریف کے کام سے دنیا واقف تھی، آزادی اظہار و آزادی صحافت کے حامی ہیں، آزادی اظہار رائے سے متعلق امریکا کے دنیا بھر میں مختلف پروگرام چل رہے ہیں۔نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ حقِ آزادی رائے دبانے والی حکومتوں کے خلاف ایکشن بھی لیے گئے ہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے ارشد شریف کے امریکی ویزے میں توسیع نہ ہونے کے سوال پر کہا کہ ویزے جاری ہونے اور اس کی توسیع کا ہرکیس انفرادی سطح پر دیکھا جاتا ہے۔اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔