الیکشن ایکٹ کا سیکشن 10 آرٹیکل 175 اور 204 سے متصادم نہیں،21 ستمبر کا عبوری حکم کالعدم قرار دیا جائے،درخواست

اسلام آباد (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف  توہین کمیشن پر شوکاز نوٹس معطل کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ توہین کمیشن کی کارروائی کے سلسلے میں عمران خان کو جاری کیا گیا شوکاز نوٹس معطل کرنے کا عبوری حکم الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے، جس نے قانون کے مطابق عمران خان، اسد عمر اور فواد چو ہدری کو نوٹس جاری کئے۔ تینوں افراد کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر شوکاز نوٹس جاری  کئے  گئے۔ درخواست میں کہا گیا  کہ الیکشن ایکٹ کا سیکشن 10 آرٹیکل 175 اور 204 سے متصادم نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے عبوری حکم سے الیکشن کمیشن کا اختیار کم کرنے کی کوشش کی گئی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا 21 ستمبر کا عبوری حکم کالعدم قرار دیا جائے۔