وزیرِ اعظم نے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے ریلیف و بحالی کے اقدامات پرمتعلقہ وزراء اوراداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، علالت کے دوران تیمار داری، نیک تمنائوں اور صحت یابی کیلئے دعائوں پر وفاقی وزرا ء کا شکریہ ادا کیا
اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عالمی برادری کی طرف سے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہو نے والے نقصانات کے ازالے کیلئے مدد کی یقین دہانی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نبردآزما ہونے کیلئے اس خطرے سے دوچار ممالک کیلئے لاس اینڈ ڈیمیجز فنڈ کے قیام کو پاکستان کی خارجہ محاذ پر بڑی فتح قرار دیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں خواجہ آصف، رانا ثنا اللہ، بلاول بھٹو زرداری، مریم اورنگزیب ،عبدالقادر پٹیل ، شیری رحمان، ملک شہادت ، چوہدری سالک حسین، امین الحق، شاہ زین بگٹی، مولانا اسعد محمود، ریاض پیر زادہ،سینیٹر طلحہ محمود، اسرار ترین ، عون چوہدری اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس کے آغاز میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تمام وفاقی وزرا ء کا اپنی علالت کے دوران تیمار داری، نیک تمنائوں اور صحت یابی کیلئے دعائوں پر شکریہ ادا کیا۔وزیرِ اعظم نے وفاقی وزیرِ خزانہ، وزیرِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، وزیرِ موسمیاتی تبدیلی، وزیرِ مواصلات، پاور منسٹر، این ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ اداروں کو سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے ریلیف و بحالی کے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیرِ اعظم نے شرم الشیخ مصر میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آئے حالیہ سیلاب میں نقصانات کو بین الاقوامی فورم COP-27 میں کامیابی سے اجاگر کرنے پر وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیرِ موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔وزیرِ اعظم نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہوئے نقصانات پر بین الاقوامی برادری کی طرف سے نقصانات کے ازالے کیلئے مدد کی یقین دہانی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نبردآزما ہونے کیلئے اس خطرے سے دوچار ممالک کیلئے لاس اینڈ ڈیمیجز فنڈ کے قیام کو پاکستان کی خارجہ محاذ پر بڑی فتح قرار دیا۔کابینہ نے وزیرِ اعظم کے سیکرٹری سید توقیر شاہ کی مرحومہ والدہ کیلئے دعا کی،اسکے علاوہ کابینہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی مغفرت کیلئے بھی دعا کی۔