نوجوانوں کو ترقی دے کر پاکستان کی غربت کم کریں گے: شہباز شریف

اگلے پانچ سال میں مہنگائی سے عوام کو نجات دلائیں گے،صد ر ن لیگ

شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق

نوازشریف کی وطن واپسی پاکستان کے لئے اچھی خبر ہے،مولانا فضل الرحمن

لاہور( ویب  نیوز)

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ترقی دے کر پاکستان کی غربت کم کریں گے۔اپنے ایک پیغام میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، ان کا مستقبل ہمیشہ صرف نواز شریف نے سنوارا ہے، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہی نوجوانوں کو روزگار، تعلیم، ہنر اور امید کے تحفے دیئے۔شہباز شریف نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے نوجوانوں کے لئے 20 ارب روپے کا پانچ سالہ تاریخی وزیراعظم یوتھ پروگرام شروع کیا تھا، پاکستان کی 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کی اس غالب آبادی کو سنوارنا ، پڑھانا اور ہنرمند بنانا ہے، یہ صرف ہم کر سکتے ہیں۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دانش سکول جس طرح غریب اور محنتی طالب علموں کی زندگی بدل رہے ہیں، اب ان کا دائرہ پورے پاکستان تک پھیلائیں گے، ہر نوجوان کو لیپ ٹاپ دیں گے تاکہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب لائیں، 2024 سے 2029 تک زراعت، آئی ٹی، معدنیات، توانائی کے شعبوں کو خاص طور پر ترقی دیں گے۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ اگلے پانچ سال میں معیشت کو پیروں پر کھڑا کریں گے، مہنگائی سے عوام کو نجات دلائیں گے، نوجوانوں کو اس قابل بنائیں گے کہ وہ اپنا کاروبار کریں، نوکریاں دینے والے بنیں، نوجوانوں کو ہنرمند بنائیں گے، ان کے لئے بیرون ملک روزگار کا بندوبست کریں گے۔۔

شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق

 سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے جمعیت علما ء اسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ملاقات ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے شہبازشریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، دونوں رہنماوں نے مجموعی سیاسی صورتحال اور شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور مشاورت و اشتراک کے عمل سے آگے بڑھنے کا فیصلہ بھی کیا جبکہ دونوں قائدین نے اتفاق کیا کہ ملک کو بحرانوں سے متحد ہوکر نماٹایا جاسکتا ہے۔مولانا فضل الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 16 20 میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں آپ نے بھرپور تعاون کیا، تمام جماعتوں نے 16 ماہ میں سیاست کا نہیں صرف ریاست بچانے کا سوچا، پاکستان کو اتحاد، مشاورت اور اشتراک عمل ہی بحرانوں سے نکال سکتا ہے۔لیگی صدر نے کہا کہ قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے بعد سیاسی وجمہوری نظام مضبوط ہوگا۔جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ نوازشریف کی وطن واپسی پاکستان کے لئے اچھی خبر ہے، سچ بے نقاب ہوچکا ہے کہ نوازشریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے گئے، نوازشریف اور ان کے خاندان کو ناحق ستایا گیا، یہ تاریخ کا سیاہ اور افسوسناک باب رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ تسلیم کیا لیکن نوازشریف کو ہی سیاسی نظام سے باہر کردیاگیا، سیاسی رہنماں کو ناحق چور ڈاکو کہنا سیاسی انجینئرنگ کا کھیل تھا۔قبل ازیں مولانا فضل الرحمان کی آمد پر شہبازشریف نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔۔