مئوکل کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا خارج کیا جائے،وکیل بابراعوان
عدالت کا اعظم سواتی کو منگل کے روز دوبارہ متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد (ویب نیوز)
ڈیوٹی مجسٹریٹ راجہ وقاص نے متنازعہ ٹویٹس کرنے پر ایک مرتبہ پھر گرفتار ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کی جانب سے اعظم سواتی کے آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے ان کا دوروزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ اعظم سواتی کو منگل کے روز دوبارہ متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ دوران سماعت ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کی جانب سے متنازعہ ٹویٹس کی گئی ہیں اوران متعلقہ موبائل برآمد کرنا ہے ۔اس پر اعظم سواتی کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ مئوکل کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیاہے ، اس مقدمہ کو خارج کیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ جو تھوڑی دیر بعد سنادیا گیا ۔ عدالت نے اعظم کا دوروزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کے حوالے کردیا اور انہیں دوبارہ منگل کے روز متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیاہے۔