سائفر کیس ،شاہ محمودقریشی مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی بند کمرے میں سماعت کی

 سپیشل پراسیکیوٹرکی شاہ محمود قریشی کے مزید 9 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا

شاہ محمود قریشی کے وکیل شعیب شاہین نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کردی

اسلام آباد(ویب  نیوز)

آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم ہونے والی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کردی اور ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا ۔اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی بند کمرے میں سماعت کی جس سلسلے میں ایف آئی اے نے شاہ محمود کو عدالت میں پیش کیا۔عدالت میں شاہ محمود قریشی کی طرف سے سینئر وکیل شعیب شاہین پیش ہوئے جبکہ ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر نے شاہ محمود قریشی کے مزید 9 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی شعیب شاہین نے مخالفت کی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شاہ محمود کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے اس میں مزید توسیع کردی۔عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 3 روزکے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دیدیا جس کے بعد ایف آئی اے پی ٹی آئی رہنما کو لے کر روانہ ہوگئی۔