190ملین پائونڈ سکینڈل ، چیئر مین پی ٹی آئی کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد،جوڈیشل ریمانڈپرمنظور

احتساب عدالت کا چیئرمین پی ٹی آئی کو دوبارہ 19دسمبر کو پیش کرنے اور نیب کو 190ملین پائونڈ کیس کا چالان پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد (ویب  نیوز)

احتساب عدالت نے 190 ملین پائونڈ سکینڈل میں چیئر مین پی ٹی آئی کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جو ڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں القادر پراپرٹی ٹرسٹ اور 190 ملین پائونڈ کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی، بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔اس کے علاوہ نیب پراسیکیوٹر مظفر عباسی کی سربراہی میں 5 رکنی ٹیم بھی اڈیالہ جیل پہنچی تھی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر میاں عمر ندیم، عبدالستار، عرفان اور تنویر شامل تھے۔عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے  چیئرمین پی ٹی آئی کو دوبارہ 19 دسمبر کو پیش کرنے اور نیب کو 190 ملین پاؤنڈ کیس کا چالان بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔