بنوں ، سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملہ،2افراد شہید ،2فوجی اہلکاروں سمیت 10زخمی

 خودکش حملہ آور کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی جس کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے حافظ گل بہادر گروپ سے ہے،آئی ایس پی آر

بنوں(  ویب  نیوز)

بنوں کے علاقے بکا خیل میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملے میں 2 افراد شہید اور 3 فوجی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق بکا خیل میں موٹرسائیکل سوار خود کش حملہ آور نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کرتے ہوئے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملہ آور کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی جس کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ خود کش حملے میں 2 معصوم شہری شہید ہوئے اور تین فوجی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی بھی ہوئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی اور دہشتگرد کو ختم کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے، پاکستانی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔