ضابطہ اخلاق کیس،عمران خان پر جرمانہ برقرار، رانا ثناء اللہ پر جرمانہ ختم
الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں محفوظ فیصلہ سنادیا
اسلام آباد( ویب نیوز)
الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں عمران خان پر جرمانہ برقرار اور رانا ثناء اللہ پر جرمانہ ختم کرنے کا محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل مسترد کردی اور ان پر جرمانہ برقرار رکھا۔ قبل ازیں فیصلے میں عمران خان پر 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔فیصلے کے مطابق پشاور ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پائی گئی تھی، جس پر عمران خان کو 3 دن میں اپیل کرنی تھی، تاہم اپیل کا وقت گزرنے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ واضح رہے کہ ریٹرننگ افسر نے عمران خان پر 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا، جس کے خلاف عمران خان نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔دریں اثنا الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا، جس کے مطابق جرمانے کے خلاف اپیل منظور کرلی گئی، اور رانا ثنا اللہ کے خلاف عائد 10 ہزار روپے کا جرمانہ ختم کردیا گیا۔