پاکستان کی کوششیں رنگ لانے لگیں، روس نے رعایتی نرخوں پر پیٹرول، ڈیزل اور خام تیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، مصدق ملک نے خوشخبری سنا دی
روس کا دورہ توقع سے زیادہ کامیاب رہا، ایل این جی کی فراہمی پر بھی بات چیت جاری ہے، ملک کے مفاد کو سامنے رکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں
تمام عالمی قوانین کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھیں گے، روسی حکومت کا وفد آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گا
روس سے کچھ لچک دکھانے کی درخواست کی ہے ،پاکستان کی مجبوریوں اور کچھ رکاوٹوں سے آگاہ کر دیا، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کی پریس کانفرنس
اسلام آباد( ویب نیوز)
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس نے ہمیں رعایتی نرخوں پر خام تیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، خام تیل کے علاوہ روس پاکستان کو پیٹرول اور ڈیزل بھی کم قیمت پر فراہم کرے گا۔وزیر مملکت کی جانب سے اعلان وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اس بیان کے ایک ماہ بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا گیا تھا کہ ملک روس سے رعایتی تیل خریدنے پر غور کر رہا ہے جب کہ پڑوسی ملک بھارت بھی ماسکو سے تیل خرید رہا ہے اور اسلام آباد کو بھی اس سلسلے میں کوشش کرنے کا حق حاصل ہے۔ اپنے دورہ روس کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ روس کا دورہ توقع سے زیادہ کامیاب رہا، انہوں نے کہا کہ اگر ملک نے ترقی کرنی ہے تو ہمیں ہر سال اپنی توانائی کی فراہمی 8 سے 10 فیصد بڑھانا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی توانائی کو بڑھانا ہے، ہمیں اپنے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہے اور اس کے لیے توانائی کی ضرورت ہے، اسی سلسلے میں روس کا دورہ کیا، روس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہمیں عالمی دنیا میں دی جانے والی رعایت کے برابر یا اس سے زیادہ رعایت دے گا۔ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے کہا کہ روس نے ہمیں رعایتی نرخوں پر خام تیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، خام تیل کے علاوہ روس پاکستان کو پیٹرول اور ڈیزل بھی کم قیمت پر فراہم کرے گا۔ مصدق ملک نے کہا کہ ہم ملک کے مفاد کو سامنے رکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں، انہوں نے کہا روس سے ایل این جی کی فراہمی کی بات چیت جاری ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں گیس کی قلت ہے، اس کے علاوہ گیس کی فراہمی کے انفرا اسٹرکچر کے مسائل ہیں لیکن کمپنیوں کو کہا گیا ہے کہ کھانا پکانے کے اوقات میں لازمی فراہم کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا نے کہا کہ گلوبل وارمنگ ہے، ہمیں گلوبل فیبرک کے تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں گرین انرجی کی جانب بڑھنا ہے، ہمیں متبادل قابل تجدید توانائی کے ذرائع کی جانب جانا ہے لیکن جیسے ہی بندش آئی تو ان تمام ممالک نے تو اپنے کوئلے کے کارخارنے کھول دیے اور ہم بیٹھے رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے تو پوری دنیا کی ایل این جی خرید لی لیکن جس قیمت پر خرید اس قیمت پر ہم تو نہیں خرید سکتے تھے، اس لیے ہم نے اپنے ملک کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے، تمام عالمی قوانین کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھیں گے، اس سے کسی دوسرے ملک کا کوئی تعلق نہیں ہے، ہم توانائی کے مسائل کو حل کریں گے۔ وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا روس میں نجی کمپنیوں سے ایل این جی کے لیے بات چیت شروع ہوگئی ہے، روس کے سرکاری ایل این جی کارخانوں سے بھی بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ روسی حکومت ایل این جی کی پیداوار کے لیے نئی فیکٹریاں لگا رہی ہے اور انہوں نے پاکستان کو 2025 اور 2026 کے طویل مدتی معاہدوں پر بات چیت شروع کرنے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کو پائپ لائن گیس کی فراہمی میں دلچسپی رکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پاکستان اسٹریم (نارتھ ساتھ پائپ لائنز) اور ایک اور عالمی بڑی پائپ لائن کے حوالے بھی سے بات چیت شروع ہو چکی ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ روس کا ایک بین الحکومتی وفد آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گا، انہوں نے کہا کہ ہم نے روس سے کچھ لچک دکھانے کی درخواست کی ہے ہم نے انہیں بتایا ہے کہ پاکستان کی مجبوریاں ہیں، کچھ رکاوٹیں ہیں۔ مصدق ملک نے مزید کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ یہ تمام چیزیں جو میں نے آپ کے سامنے رکھی ہیں اس وقت کچھ خاص شکل اختیار کر جائیں اور ان پر دستخط ہو سکیں۔