وزیراعلیٰ پنجاب نے ہیلتھ کارڈ کے واجبات کی ادائیگی کیلئے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھ دیا

وفاقی حکومت نے ہیلتھ کارڈ کی مد میں ساڑھے7ارب روپے ادا کرنے ہیں،پنجاب نے سو فیصد ادائیگی کردی:پرویزالٰہی

وفاق نے منصوبے کیلئے ایک روپیہ نہیں دیا، آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں مریضوں کو علاج کیلئے حکومت پنجاب سہولت دے رہی ہے

پنجاب کے 821ہسپتال بشمول 206سرکاری اور615پرائیویٹ ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ پر مفت علاج کرایا جاسکتا ہے۔پرویزالٰہی

لاہور (ویب  نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ہیلتھ کارڈ کے واجبات کی ادائیگی کیلئے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھ دیاہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے ہیلتھ کارڈ کی مد میں ساڑھے7ارب روپے ادا کرنے ہیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ پنجاب نے ہیلتھ کارڈ کے واجبات کی مد میں سو فیصد ادائیگی کردی ہے ۔وفاق نے عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبے کیلئے ایک روپیہ نہیں دیا۔ آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں مریضوں کو ہیلتھ کارڈ پر علاج کیلئے حکومت پنجاب سہولت فراہم کررہی ہے۔وزیراعلی چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ ہیلتھ کارڈ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا فلیگ شپ تاریخی پروگرام ہے۔ہیلتھ کارڈ کے ذریعے پنجاب کے تمام شہری جب اورجہاں چاہیں علاج کراسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے بتایاکہ پنجاب کی تمام آبادی کو بلاامتیاز ہیلتھ کوریج فراہم کی جارہی ہے۔پنجاب میں 821ہسپتال بشمول 206سرکاری اور615پرائیویٹ ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ پر مفت علاج کرایا جاسکتا ہے۔پنجاب بھر میں ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت سرکاری ونجی ہسپتالوںمیں 80 ہزاربیڈزمیسر ہیں۔پنجاب کے ہیلتھ کارڈ پروگرام سے 28لاکھ سے زائد لوگ مستفید ہوچکے ہیں ۔ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت ڈائیلسز،کارڈیالوجی اوردیگر امراض کا علاج کرایا جاسکتا ہے ۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقدہوا، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی بھی موجودتھے۔اجلاس میںہیلتھ کارڈ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،وزیرخزانہ محسن لغاری،چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، سیکرٹری فنانس واصف خورشید،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن احمد جاوید قاضی،چیف ایگزیکٹو آفیسرپی ایچ آئی ایم سی اوردیگر نے شرکت کی