وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا سموگ میں کمی کیلئے وضع کردہ پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم
لاہور (ویب نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں سموگ میں کمی کے لئے ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور سموگ کو آفت قرار دیاگیا ہے۔پنجاب بھر میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر پابندی عائد ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سموگ میں کمی کیلئے وضع کردہ پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ کا سبب بننے والے عوامل پر قابوپانے کیلئے کارروائی عمل میں لائی جائے۔محکمہ تحفظ ماحول،ٹرانسپورٹ، انڈسٹریز اورانتظامیہ کے افسران فیلڈ میں خود جائیں۔سموگ میں کمی کیلئے جاری ایس او پیز پر عملدرآمدمیں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والے افراد کیخلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی جاری رکھی جائے۔انہوںنے کہا کہ اینٹی سموگ سکواڈ شہر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو باقاعدگی سے چیک کرے۔ اینٹی سموگ سکواڈ لاہور شہر کے داخلی راستوں پر بھی گاڑیوں کی چیکنگ یقینی بنائے۔کاشتکارو ں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لئے جدید ہارویسٹر”ہیپر سیڈ”فراہم کئے جائیں گے۔اینٹوں کے تمام بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی یقینی بنائی جائے۔