اسٹیبلشمنٹ حقیقت اور قانون سے بالاتر ہے،پنجاب میں ہمارا مینڈیٹ کم کرنے کی کوشش ہوئی تو مزاحمت کریں گے، عمران خان کا اعلان
اب بھی سیاسی انجینئرنگ جاری ہے،متحدہ کو اسی لیے اکٹھا کیا گیا،حالات تب بہتر ہوں گے جب اسٹیبلشمنٹ قانون کی بالادستی کے لئے کام کرے گی
ملک 90 فیصد ڈیفالٹ ہو چکا ، بہتر ہوگا ہم اس صورت حال میں آئی ایم ایف کی طرف چلے جائیں،چیئرمین پی ٹی آئی
عمران خان کا پارٹی کے منحرف ارکان سے ملنے سے انکار، انہیں سنٹرل سیکرٹریٹ میں شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت کر دی
لاہور(ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے اور قانون سے بالاتر ہے، حالات تب بہتر ہوں گے جب اسٹیبلشمنٹ قانون کی بالادستی کے لئے کام کرے گی،ملک میں اب بھی سیاسی انجینئرنگ جاری ہے، ایم کیو ایم کو اسی لیے اکٹھا کیا گیا ہے۔ ٹی وی چینلز کے پروڈیوسرز سے ملاقات میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں ہمارا مینڈیٹ کم کرنے کی کوشش ہوئی تو مزاحمت کریں گے، ہمارے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے لئے کہا جا رہا ہے، ہمارے لوگوں کو بلا کر کہا گیا کہ عمران خان کا کوئی مستقبل نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ جتنی طاقت فوج کے پاس ہے اتنی کسی اور ادارے کے پاس نہیں، فوج مثبت رول ادا کرے تو ملک کو آگے جانے سے کوئی نہیں روک سکتا، اس وقت ہم یا ڈیفالٹ ہیں یا آئی ایم ایف کا آپشن ہے، بہتر ہوگا ہم اس صورتحال میں آئی ایم ایف کی طرف چلے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ان سے معیشت قابو میں نہیں آنی، ملک 90 فیصد ڈیفالٹ ہو چکا ہے، اتنی بڑی فروخت کا کسی نے نوٹس نہیں لیا، ہمارے دور میں بہترین خارجہ پالیسی تھی، کبھی کسی کا امریکہ میں ایسا استقبال نہیں ہوا جیسا میرا ہوا۔عمران خان نے کہا کہ سابق برطانوی وزیراعظم نے ہماری ماحولیات کی پالیسی کی تعریف کی، ہماری حکومت کی کورونا پالیسی کو سراہا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الزام عائد کیا کہ حسین حقانی کو ہماری حکومت کے خلاف استعمال کیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ ملک میں اب بھی سیاسی انجینئرنگ جاری ہے، ایم کیو ایم کو اسی لیے اکٹھا کیا گیا ہے۔ د وسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے منحرف ارکان سے ملنے سے انکار کر دیا اور انہیں سنٹرل سیکرٹریٹ میں شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت کر دی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اسد عمر کے سامنے پیش ہو کر وضاحت پیش کریں۔ یاد رہے کہ فیصل چیمہ، مومنہ وحید اور خرم لغاری اعتماد کے ووٹ کے وقت ایوان سے غیر حاضر تھے، ان ارکان کو پی ٹی آئی نے شوکاز نوٹسز جاری کر کے وضاحت طلب کی تھی، منحرف ارکان نے اپنا موقف پیش کرنے کیلئے عمران خان سے رابطہ کیا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں میں منحرف ارکان کے خلاف سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے، پی ٹی آئی کے کارکن منحرف ارکان کے حلقوں میں احتجاجی مظاہرے بھی شروع کر چکے ہیں۔