پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اصل اپوزیشن لیڈر ہیں، وہ افہام و تفہیم سے معاملات حل کرنے کی کوشش کریں۔
چودھری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے میلہ لوٹ لیا ہے، اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں نے آپ کو اپنا لیڈر تسلیم کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی بات سے پاک فوج کے خلاف جو تاثر گیا وہ غلط ہے اسے مٹانے کی کوشش کریں۔
چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ شہبازشریف کا دھرنے میں کوئی کردار نہیں ان کی حیثیت تو ”جمعہ جنج نال” والی ہے، وہ تو حادثاتی اور واقعاتی طور پر اپوزیشن لیڈر بن گئے، اب اصل اپوزیشن لیڈر تو مولانا فضل الرحمن ہیں جنہوں نے دو بڑی جماعتوں کو اپنے پیچھے لگا لیا ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے کہا کہ وہ مفاہمت سے معاملات حل کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں کیونکہ آپ مولانا مفتی محمود کے بیٹے ہیں جو سیاسی شعور رکھتے تھے اور ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے افہام و تفہیم سے معاملات کے حل پر یقین رکھتے تھے۔