- عدالت کومطلع کیا گیا امن وامان،پتھرائوکے باعث عمران خان کاعدالت پہنچنامشکل ہے
- ناخوشگوارواقعہ سے بچنے کیلئے گاڑی سے عمران خان کی حاضری لگوانے کی ہدایت کی گئی،تحریری حکمنامہ
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے تین صفحات کا حکم نامہ جاری کیا۔عدالتی آرڈر شیٹ گم ہونے کے بعد نئی آرڈر شیٹ تیارکرلی گئی ۔عمران خان 30 مارچ کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کیا گیا ،18 مارچ کی تین دفعہ کی سماعتوں کا الگ الگ حکم نامہ جاری کیا گیا۔ایس پی سمیع ملک ،عمران خان کے وکلاء بیرسٹرگوہر،خواجہ حارث کے بیانات حکمنامے کا حصہ ہیں۔حکم نامے کے مطابق عدالت کو بتایا گیا گم شدہ آرڈر شیٹ کمپیوٹر میں محفوظ ہے ۔ فائل گم ہونے کے تنازع کے حل کے لیے فائل دوبارہ بنائی گئی ہے۔ دن ساڑھے3 بجے عدالت کو بتایا گیا عمران خان عدالت پہنچنے والے ہیں۔عدالت نے ہدایت کی کہ عمران خان چار بجے پیش ہوں۔ وکلا ،میڈیا باقی لوگوں نے بتایا عمران خان 4 بجے سے گیٹ کے باہر موجود ہیں۔عدالت کومطلع کیا گیا امن وامان،پتھرائوکے باعث عمران خان کوعدالت پہنچنامشکل ہے۔عدالت کوبتایا گیا مناسب ہو گا گاڑی سے ہی عمران خان کے دستخط کرا لئے جائیں۔عدالتی حکم نامے کے مطابق لوگوں کی جان،املاک کے تحفظ، ناخوشگوارواقعہ سے بچنے کیلئے گاڑی سے حاضری لگوانے کی ہدایت کی۔شبلی فراز،بیرسٹرگوہر اورایس پی سمیع ملک کو دستخط کرانے بھیجا، عدالت کوبعد میں بتایا گیا آرڈرشیٹ گم ہو گئی ہے جس پربیرسٹرگوہر،خواجہ حارث اورایس پی نے بیان قلم بند کرایا ۔حکمنامے کے مطابق آئندہ سماعت پرفوجداری کیس قابل سماعت ہونے پر دلائل ہوں گے ۔