امجد خان نیازی سمیت تمام 60 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ڈیوٹی مجسٹریٹ ملک امان  نے حکم جاری کر دیا

اسلام آباد(ویب  نیوز)

جوڈیشل کمپلیکس ہنگامی آرائی کیس میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما امجد خان نیازی سمیت تمام 60 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ نجی ٹی وی  کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ڈیوٹی مجسٹریٹ ملک امان نے سماعت کی۔ پولیس کی جانب سے 60 ملزمان کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ پی ٹی آئی وکلا بھی عدالت میں پیش ہوئے۔پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کی استدعا کی گئی جبکہ وکلا نے سابق ایم این اے امجد خان نیازی کا میڈیکل کروانے کی بھی استدعا کی۔عدالت نے آئی او کو حکم دیا کہ تمام ملزمان کو ایک ایک کر کے لائیں، جس پر پولیس نے ملزمان کو باری باری عدالت میں پیش کیا جہاں ملزمان کی حاضری لگوائی گئی۔وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ ملزم افضل کا 24 مارچ کا قطر کا ویزہ لگا ہوا تھا، ملزم افضل بائیکیا پر اپنے گھر جا رہا تھا جسے پولیس نے راستے سے گرفتار کر لیا، پولیس نے ہوٹلوں سے دکانوں سے جاکر لوگوں کو اٹھایا ہے۔پی ٹی آئی وکلا نے ملزم افضل کو کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ ملزم کا مستقبل خراب ہو جائے اس کیس سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ   میرا اختیار نہیں کہ اس کیس میں کسی کو بری کر سکوں کیونکہ اس میں دہشتگردی کی دفعہ لگی ہے۔وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کہ آنے سے قبل پولیس نے گرفتاریاں کیں اور پولیس نے تمام گرفتار کارکنوں کو دہشتگردی کے مقدمے میں نامزد کر دیا۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنما امجد نیازی سمیت تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا جبکہ پولیس کو شدید زخمی افراد کا پمز سے میڈیکل کروانے کا حکم دیا۔