اسلام آباد (ویب نیوز)
- عمران خان کی سیاست اور پارٹی کو ختم کرنیوالے ناکام ہوں گے،شیخ رشید
- میں سب سے کہوں گا کہ عقل سے کام لیں، ملک کی معاشی اور اقتصادی کشتی ڈوب رہی ہے
- لوگ صرف شفاف انتخابات چاہتے ہیں، رائے عامہ کا احترام نہ کرنیوالے نقصان اٹھاتا ہے،ٹوئٹ
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست اور پارٹی کو ختم کرنیوالے ناکام ہوں گے۔اسلام آباد کچہری میں سابق وزیرِ داخلہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کریک ڈائون کرنے جا رہے ہیں، عمران خان کی سیاست اور پارٹی کو ختم کرنا چاہتے ہیں لیکن ناکام ہوں گے جو بھی رائے عامہ کا احترام نہیں کرتا نقصان اٹھاتا ہے، میں سب سے کہوں گا کہ عقل سے کام لیں، ملک کی معاشی اور اقتصادی کشتی ڈوب رہی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اس وقت لوگ صرف شفاف انتخابات چاہتے ہیں، یہ تحریکِ انصاف کے خلاف کریک ڈائون کرنے جا رہے ہیں، ممکن ہے کہ یہ تحریکِ انصاف پر پابندی لگانے کی خواہش رکھتے ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی گرفتاری تو کوئی مسئلہ نہیں لیکن یہ اس کو مارنا چاہتے ہیں، ان کے پاس نہ امیدوار ہیں نہ پولنگ ایجنٹ ہیں، نہ الیکشن کی تیاری ہے،صرف فراری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لئے صرف عمران خان تیار ہے، میں آخری دم تک عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔انہوںنے کہا کہ میرے 2 فون نامعلوم افراد رات کو میرے گھر پر چھوڑ گئے، میرے 3 فون ابھی تک ان کے پاس ہیں۔
- ڈمی پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلا ناعوام کے حقوق کو پامال کرنے کی کوشش جاری ہے، فواد چوہدری
- اگر عمران خان یا تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی کوشش ہوئی تو ایسا رد عمل آئے گا جو آپ سوچ نہیں سکتے
- ملک میں آئین کوختم کر کے ایک ایسا گروپ مسلط کردیا گیا ہے جس کی عوام میں کوئی حیثیت نہیں
- دو دنوں سے تحریک انصاف کے پانچ سو سے زائد ارکان حراست میں لئے گئے ہیں یا چھاپے مارے گئے،ٹوئٹ
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکمران اتحاد کی میٹنگ کے نتیجے میں ایک مضحکہ خیز پریس ریلیز سامنے آئی ہے،ڈمی پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلا کرعوام کے حقوق کو پامال کرنے کی کوشش جاری ہے،ملک میں آئین کوختم کر کے ایک ایسا گروپ مسلط کردیا گیا ہے جس کی عوام میں کوئی حیثیت نہیں،عوام سے خوفزدہ گروہ صرف جبر پر قائم ہے۔ ان خیالات کااظہار فوا دچوہدری نے منگل کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ جبکہ اپنے ایک اورٹویٹ میں فواد چوہدری کاکہنا تھا کہ دو دنوں سے تحریک انصاف کے پانچ سو سے زائد ارکان حراست میں لئے گئے ہیں یا چھاپے مارے گئے ہیں، ان ظالموں کے خلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے، آخری دھکے کیلئے تیاری کر لیں اگر عمران خان یا تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی کوشش ہوئی تو ایسا رد عمل آئے گا جو آپ سوچ نہیں سکتے۔