مظفرآباد (وب نیوز)
محکمہ آبپاشی و سمال ڈیمز آزادکشمیر نے ورلڈ واٹر ڈے کے موقع پر اپنی آفیشل ویب سائیٹ لانچ کر دی۔ سیکرٹری زراعت، آبپاشی و سمال ڈیمز سردار جاوید ایوب نے بدھ کے روز یہاں ویب سائیٹ کا افتتاح کیا اور ورلڈ واٹر ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔تقریب سے ڈائریکٹرجنرل آبپاشی خواجہ اعجاز احمد،ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک اعجاز احمد خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر بشارت حسین درانی، انچارج پلاننگ سیل وقار احمد اور دیگر آفیسران نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری آبپاشی سردار جاوید ایوب نے کہا کہ زراعت کے فروغ کے لیے پانی کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ آبپاشی اور زراعت کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ محکمہ آ بپاشی قومی پروگرام برائے بہتری آبی وسائل کے ذریعے بنجر زرعی زمینوں تک پانی کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے تاکہ زمینوں کو آباد کرکے ان سے نہ صرف مقامی ضروریات پوری کی جا سکیں بلکہ ان سے روزگار کی فراہمی بھی ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کے زرعی ویژن کے تحت آزادکشمیر کے شعبہ زراعت اور آبپاشی کو ترقی دیں گے تاکہ اس شعبہ سے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو سکیں۔ اعلی کوالٹی کے پھلدار پودے بھی زمینداروں کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی کے نظام کو مزید بہتر بنائیں گے۔ پختہ واٹر چینل، واٹر ہارڈیسٹنگ سٹرکچر، سولر پمپنگ سسٹم کی تنصیب کا عمل جاری ہے جس سے زرعی زمینوں کو سیراب کیا جاسکے گااور ان کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ورلڈ واٹر ڈے کی موقع پر میری زمینداران بالخصوص نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ پانی کو اپنی ضرورت کے مطابق استعمال کریں اور اس کو ضائع ہونے سے بچائیں۔ ڈریپ اریگیشن سسٹم اپنی زمینوں میں انسٹال کروائیں تاکہ پانی کی بچت بھی ہو اور زرعی زمینوں کو بہتر انداز میں سیراب بھی کیا جا سکے۔