ریلیف کیلئے 3 آپشنز زیر غور ہیں،پاس ورڈ کے ذریعے یا کارڈ یا پھر بی آئی ایس پی کے ذریعے ادائیگی زیر بحث ہے،بیان

اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پٹرول پر سبسڈی نہیں دے رہے، امیر کا نرخ بڑھا کر غریب میں تقسیم ہوگا۔اپنے بیان  وزیر مملکت  نے کہاکہ آئی ایم ایف کا خیال ہے کہ ہم پٹرول پر سبسڈی دے رہے ہیں۔ ہمارا پروگرام سبسڈی کا نہیں ہے ، ہم نیا ٹیکس نہیں لگا رہے، امیر کا پٹرول نرخ بڑھا کر غریب میں تقسیم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 2کروڑ 60 لاکھ موٹر سائیکلز ہیں جب کہ 2 کروڑ 14 لاکھ چھوٹی گاڑیاں ہیں۔ موٹر سائیکل ماہانہ 21لٹر پٹرول استعمال کرتی ہے، گاڑیاں پٹرول ملا کر ماہانہ 460ملین لٹرپٹرول کا استعمال بنتا ہے،موٹر سائیکل کو 100 روپے کا ریلیف ملے گا جبکہ چھوٹی گاڑیوں کو 30لٹر تک ماہانہ ریلیف کی تجویز ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ امیر اور غریب کے لئے پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لٹرفرق ہوگا۔ہر 15 دن بعد امیر اور غریب کے پٹرول کے فرق کا اعلان ہوگا۔ ریلیف کے لئے 3 آپشنز زیر غور ہیں،پاس ورڈ کے ذریعے یا کارڈ یا پھر بی آئی ایس پی کے ذریعے ادائیگی زیر بحث ہے۔ پٹرول بلیک سے بچنے کے لیے موٹر سائیکل کی یومیہ حد 2 لٹرمقرر کریں گے۔مصدق ملک نے کہا کہ گاڑیوں میں سستا پٹرول ایک دن میں 5 لٹر تک ڈلوایا جا سکتا ہے۔ پٹرول ریلیف پر زیرو سبسڈی ہے۔ ڈیزل پر سبسڈی نہ دینے کی تجویز ہے، تاہم حتمی فیصلہ بعد میں کریں گے۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور سامان والی گاڑیوں کے حوالے سے سوچ رہے ہیں، تیل کمپنیوں کو پٹرول پیکج کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا ، پٹرول پمپوں پر موبائل فون پر سکینر انسٹال کریں گے۔