- کوئی بھی سیاسی جماعت کبھی بھی پاکستان مخالف نہیں رہی ، نہ ہی وہ غداروں پر مشتمل ہے،صدر مملکت عارف علوی
اسلام آباد (ویب نیوز)
صدرمملکت ڈاکڑعارف علوی نے کہا ہے کہ یقین ہے ہم درگزرکے ساتھ تنازعات حل کرنے میں کامیاب ہوں گے، تمام اسٹیک ہولڈرز پرزوردیتا رہا ہوں کہ موجودہ صورتحال کا حل تلاش کریں،گزارش ہے ٹھنڈے اور گہرے سانس لیں۔ اپنے ایک بیان میں صدرمملکت نے کہا آج کی کوئی بھی سیاسی جماعت کبھی بھی پاکستان مخالف نہیں رہی ، نہ ہی وہ غداروں پر مشتمل ہے،مایوسی اورمحرومیوں کی وجہ سے ہماری تاریخ میں سب کی جانب سے زیادتیاں کی گئیں۔میں تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیتا ہوں کہ وہ دوبارہ سوچیں۔ صدرمملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ وہ قومیں عظمت حاصل کرتی ہیں جو تاریخ سے سبق سیکھتی ہیں،تاریخ سے سبق نہ سیکھنے والے وقت کی ریت میں ذروں کی طرح فراموش کردیئے جاتے ہیں۔روزمرہ کے واقعات اورسخت بیان بازی لوگوں کی سوچ کو دھندلا دیتی ہے۔ عارف علوی نے مزید کہا پاکستانی تاریخ میں دھونس اور زبردستی کی ایک طویل تاریخ ہے جو بار بار دہرائی گئی، جماعتوں اوررہنماؤں کو غداراور ریاست مخالف قراردینے کی ہماری طویل تاریخ 1951میں راولپنڈی سازش کیس سے شروع ہوتی ہے۔ صدرمملکت نے مزید کہا کہ ہماری سیاسی تاریخ میں بہت سے تجربات کیے گئے اور بہت سی قلابازیاں کھائی گئیں،یہ تمام پالیسیاں ایک سنجیدہ،وسیع البنیاد ،جامع اور تزویراتی عمل کی بجائے مقتدر لوگوں کی سوچ پرمبنی تھیں۔