جنوبی وزیرستان، سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک
کوٹ اعظم میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا، شہریوں نے آپریشن کو سراہا، آئی ایس پی آر
شمالی وزیرستان میں خود کش حملہ، دو اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید
خود کش حملہ آور عوامی اجتماع کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، اہلکاروں نے جان دیکر تباہی روک لی، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (ویب نیوز)
خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خود کش حملے کے باعث دو جوانوں سمیت چار افراد شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے دتہ خیل کے عام علاقے میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔بیان کے مطابق خود کش دھماکے میں دو جوانوں سمیت چار افراد شہید ہو گئے، شہدا میں چار سدہ کے 33 سالہ نائیک سید اللہ شاہ، ضلع ہری پور کے 31 سالہ سپاہی جواد خان، خیبرپختونخوا پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پولیس کانسٹیبل حکیم جان، جن کا تعلق شمالی وزیرستان سے تھا، اور ایک شہری نے شہادت کو گلے لگا لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملہ آور کا ارادہ ایک عوامی اجتماع کو نشانہ بنانا تھا لیکن سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی نے ایک بڑی تباہی کو روک دیا کیونکہ فوجیوں نے فوری طور پر خودکش حملہ آور کی گاڑی کو شک کی بنیاد پر روک لیا اور متعدد معصوم جانوں کو بچانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر فوجیوں اور معصوم شہریوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں،اس سے قبلسکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں امن دشمنوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلا ک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ اعظم میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔بیان کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم تھے۔بیان کے مطابق علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے کی کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ شہریوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔۔۔