شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 5 دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بھاری مقدار میں سامان بھی برآمد، ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے،آئی ایس پی آر

راولپنڈی( ویب  نیوز)

سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میںخفیہ معلومات پر کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعہ کو شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گیے، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشت گرد مارے گئے۔ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بھاری مقدار میں سامان بھی برآمد ہوا جبکہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔آئی پی آر کا اعلامیہ میں مزید کہنا تھا کہ پاک فوج غیر متزلزل عزم کے ساتھ اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ حصے سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔