حریت رہنماوں کی حکومت پاکستان وعوام کو یوم آزادی پر مبارکباد ،مقبوضہ جموںو کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرز بھی چسپاں
کشمیریوں کیلئے 14اگست یوم تشکر جبکہ 15اگست یوم سیاہ ہے،رہنما حریت کانفرنس
کشمیری پاکستان اور اس کی مسلح افواج کو اپنا نجات دہندہ اور محافظ سمجھتے ہیں،پاکستان کے یوم آزادی پر پیغامات
سرینگر (ویب نیوز )
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے حکومت اور پاکستانی عوام کو اس کے یوم آزادی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کیلئے14اگست یوم تشکر جبکہ 15 اگست یوم سیاہ ہے، پاکستان کشمیریوں کا محسن او رسفیر ہے جبکہ بھارت ایک جابر اور سامراجی ریاست ہے جس نے فوجی طاقت کے بل پر جموںوکشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے۔مقبوضہ جموںو کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹر بھی چسپاںکیے گئے ہیں جن میں پاکستانی عوام اور حکومت کو ان کے یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی ،حریت رہنماوں نے پاکستان کے یوم آزادی پر اپنے مبارکبادی پیغامات میں کہا ہے کہ کشمیری مملکت خداداد کی سلامتی ، خوشحالی اور دن دوگنی رات چوگنی ترقی کیلئے دعا گو ہیں۔،کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزارنے اپنے پیغام میں کہا کہ عسکری اور معاشی طور پر ایک مستحکم و مضبوط پاکستان کشمیریوں کے بہترین مفاد ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں۔ غلام احمد گلزار نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور کشمیری قیام پاکستان کی عظیم الشان جدوجہد سے ایک نیا حوصلہ و ولولہ پاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان اور اس کی مسلح افواج کو اپنا نجات دہندہ اور محافظ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی عظیم قربانیوں کے علاوہ پاکستان کی انتھک سفارتی کوششوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے اور مکروہ بھارتی نوآبادیاتی چہرہ بے نقاب کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین نے مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت اور سازشوں کے باوجود پاکستان ہمیشہ ثابت قدم اور کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیرکاز اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورموں پر انتہائی جانفشانی سے لڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا غیر متزلزل موقف اورحمایت کشمیریوں کیلئے باعث تقویت ہے۔غلام احمد گلزار نے امید ظاہر کی کہ پاکستان نہ صرف کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا بلکہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنی کوششوں میں تیزی لائے گا۔ انہوںنے بھارتی غلامی سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کشمیریوںپر زور دیا کہ وہ پاکستان کا یوم آزادی جوش و جذبے سے منائیں، مختلف پروگراموں کا انعقاد کریں اور مملکت خداداد کی سلامتی ، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں،دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموںنے بھی یوم آزادی پر حکومت پاکستان اور عوام کو مبارکبادی دی ہے ،حریت رہنماوں فریدہ بہن جی، عبدالاحد پرہ، غلام محمد خان سوپوری، یاسمین راجہ، عبدالصمد انقلابی، مولانا مصعب ندوی، پروفیسر زبیری، جموں و کشمیر پیپلز لیگ، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جموں و کشمیر یوتھ سوشل فورم، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک یوتھ فورم، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، جموں و کشمیر پیر پنچال موومنٹ اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک حریت فرنٹ نے بھی اپنے بیانات میںمملکت خداداد پاکستان کو یوم آزادی کی مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ محکوم کشمیری حق پر مبنی اپنی جدوجہد کی مسلسل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت پر پاکستان کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ علاوہ ازیںمقبوضہ جموںو کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹر بھی چسپاںکیے گئے ہیں جن میں پاکستانی عوام اور حکومت کو ان کے یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی ہے۔ ڈیموکریٹک یوتھ فورم کی طرف سے سرینگر اور دیگر مقامات پر چسپاں پوسٹروں میں قائداعظم، علامہ اقبال اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر موجود ہیں ۔۔۔
مقبوضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے منگل کو بھارتی یوم آزادی ،یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز مقبوضہ کشمیرمیں ہڑتال کے علاوہ سیاہ پرچم لہرا ئے جائیں گے جبکہ دنیا بھر میں کشمیری احتجاجی مظاہرے کریں گے ،کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی یوم آزادی کو کشمیریوں کے لیے یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ اس روزمکمل ہڑتال کریں ۔ انہوںنے کہا کہ اس روز آزادجموں وکشمیر ، پاکستان اوردنیا کے مختلف ملکوں میں بھارت مخالف مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔غلام احمد گلزار نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بھارتی یوم آزادی کی نام نہاد تقریبات کا بائیکاٹ کریں اور اس دون سیاہ پرچم لہرائیں