اسلام آباد(صباح نیوز)
معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاہے کہ اب تک عالمی سطح پر 30 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس کی بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ 2لاکھ سے زائد اموات ہوچکی ہیں تقریباً 8 لاکھ 37 ہزار سے زائد مریض مکمل طورپر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ آنے والے دنوں میں صورتحال میں استحکام پیداہوگا۔ میڈیا بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اب تک ایک لاکھ 44 ہزار 365 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں پچھلے 24 گھنٹے کے دوران 6218 ٹیسٹ کیے گئے ہیں ان میں اب بتدریج اضافہ ہوتا جائے گا۔ اس وقت پاکستان میں کورونا کے 12723 مریض ہیں پچھلے 24 گھنٹے میں 783 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ پنجاب میں 332 ،سندھ 287 ، کے پی کے میں 85، اسلام آباد 12، گلگت بلتستان میں 1اور بلوچستان میں 66 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اب تک پاکستان میں 2866 مریض مکمل طورپرصحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹے میں 111 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ اس وقت کورونا کے 3379 مریض پاکستان کے مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ ان میں سے 49 کی حالت تشویشناک ہے۔ اگر پچھلے دس بارہ دنوں کا اندازہ لگایا جائے تو اس کی اوسط 47 تک بنتی ہے ۔ پاکستان میں اب تک کورونا کے 269 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔ پچھلے 24گھنٹے میں 16 اموات کا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں اب بیماری کا پھیلائو مقامی نوعیت کا ہے۔ 80 فیصد کیسز مقامی سطح کے ہیں۔معاون خصوصی صحت نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے ہسپتالوں کو براہ راست سامان پہنچا رہی ہے۔ اب تک آزاد کشمیر کے 8 بلوچستان کے 4 ، اسلام آباد 11 ،کے پی کے 100، پنجاب 204 اور سندھ کے 80 ہسپتالوں میں حفاظتی سامان متعدد بار بجھوایا جاچکا ہے۔ حفاظتی سامان کی دستیابی کا نہیں بلکہ اس کے استعمال کا مسئلہ ہے۔ این ڈی ایم اے کی ویب سائٹ پر سپلائی سیکشن میں تمام تفصیلات موجود ہیں انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں ٹیسٹ کے عمل کو بڑھانے کی توقع ہے۔ مشیر صحت نے کہاکہ صوبائی حکومتوںکوچند ہزار ایڈریس دئیے گئے ہیں ان افرادپر کورونا میں مبتلا ہونے کا شبہ ہے۔