پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں جلسہ کی اجازت نہیں تو پھر کسی سیاسی جماعت کو نہیں ہوگی،لاہور ہائیکورٹ

ڈی سی آفس کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرا دیا گیاجس میں جلسے کا این او سی جاری کرنے سے انکار کیا گیا

عدالت کا پی ٹی آئی وکیل کو متبادل جگہ کیلئے ڈی سی لاہور کو نئی درخواست دینے کا حکم،ڈی سی کو پیر تک نئی جگہ کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت

لاہور (ویب  نیوز)تحریک انصاف کو لبرٹی میں جلسے کی اجازت دینے کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں جلسہ کی اجازت نہیں تو پھر کسی سیاسی جماعت کو نہیں ہوگی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں جلسے کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت کی۔ڈی سی آفس کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرا دیا گیا، جواب میں کہا گیا ہے کہ درخواست کے بعد 10 اکتوبر کو تمام اداروں کا اجلاس ہوا، 9 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ، جلاو گھیراو کیا۔ رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے پی ٹی آئی کو جلسے کا این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں جلسہ کی اجازت نہیں تو پھر کسی سیاسی جماعت کو نہیں ہوگی۔عدالت نے پی ٹی آئی وکیل کو متبادل جگہ کیلئے ڈی سی لاہور کو نئی درخواست دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آپ کسی دوسری جگہ کیلئے درخواست دے دیں، ڈپٹی کمشنر پیر تک جلسہ کیلئے نئی جگہ کی درخواست پر فیصلہ کریں۔