پنجاب حکومت کی شادی ہالز کیخلاف سخت کارروائی، 5 ہالز سربمہر، 43 لاکھ جرمانہ، 30 افراد گرفتار
پنجاب کے 10 اضلاع میں ایک ہفتے کے لئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا
وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر
لاہور (ویب نیوز)
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ون ڈش اور اوقات کار کی پابندی نہ کرنے پر صوبہ بھر میں شادی ہالوں کی انتظامیہ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف اضلاع میں آپریشن کے دوران 5 شادی ہال سیل کئے گئے اور 12 مقدمات درج کروائے گئے جبکہ 30 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے شادی ہالوں کے مالکان پر 43 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویژن کے مختلف اضلاع میں 316 شادی ہالوں کی انسپیکشن کی گئی جس دوران 25 مقامات پر قانون کی خلاف ورزی دیکھی گئی۔ ون ڈش اور اوقات کار کی پابندی نہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ نے 7 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا اور 8 ایف آئی آر درج کروائیں جبکہ 3 شادی ہالوں کے مالکان کو گرفتار کیا گیا۔ راولپنڈی ڈویژن میں شادی ہالز اور مارکیز پر 119 چھاپے مارے گئے۔ میرج فنگشن ایکٹ کی نو مقامات پر خلاف ورزیاں ہوئیں اور پانچ لاکھ، 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، دو میرج ہالز سر بمہر ہوئے۔ ڈی جی خان ڈویژن میں 1463 شادی ہالوں کی انسپیکشن کے دوران 15 مقامات پر قانون کی خلاف ورزی پر 4 لاکھ 65 ہزارروپے جرمانے کئے گئے جبکہ دو شادی ہالوں کو سیل اور 2 مقدمات بھی درج کئے گئے۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں 827 شادی ہالوں کی انسپیکشن کی گئی اور قانون کی خلاف ورزی پر 50 شادی ہالوں کی انتظامیہ کو 26 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے 2 ایف آئی آر درج کروائیں، 27افراد کو گرفتار کیا اور ایک شادی ہال کو سربمہر کیا گیا
وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے پنجاب کے 10 اضلاع میں آج پیر 20 نومبر سے اتوار 26 نومبر تک ایک ہفتے کے لئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔فضا میں پڑھتی ہوئی آلودگی کے باعث حکومت پنجاب نے سموگ سے متاثرہ اضلاع میں تمام لوگوں کے لئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماسک پہننے کی پابندی کا اطلاق لاہور، شیخوپورہ، قصور اورننکانہ صاحب کے اضلاع میں ہوگا۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور نارروال، گجرات اور منڈی بہاوالدین میں بھی ماسک پہننا لازمی ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ شہریوں کی صحت کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ سموگ کے باعث الرجی اور بیماریوں سے بچنے کے لئے تمام شہری ماسک ضرور پہنیں