•  9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد،سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈز کی گرفتاری جلد یقینی بنانے کیلئے موثر میکانزم وضع کیا جائے،محسن نقوی
  •  گرفتار افراد پر الزامات کی تصدیق کے لیے فول پروف طریقہ کار اپنا یا جائے تاکہ کوئی بیگناہ کی گرفتاری نہ ہو
  • موثر تفتیش کے بعد پراسیکیوشن اپناکام بہتر طریقے سے کرے تاکہ کوئی بھی ذمہ دار بچ نہ پائے ،نگران وزیراعلی پنجاب کی کابینہ اجلاس میں ہدایت

لاہور (ویب نیوز)

  پنجاب کی نگران حکومت نے آرمی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلے کی منظوری دے دی،کابینہ نے شرپسندوں کے خلاف مقدمات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں امن وامان کی صورت حال اور 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آرمی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں شرپسندوں کے خلاف مقدمات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی گئی۔نگران وزیراعلی نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری جلد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کے اصل ذمہ داروں کی شناخت کے لیے تمام سکیورٹی اداروں کے باہمی اشتراک پر زور دیا۔نگران وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ملزموں، سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈز تک پہنچنے کے لیے موثر میکانزم وضع کیا جائے۔ اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 32مقامات کی جیو فینسنگ کرکے ملزمان کو ٹریس کیا جا رہا ہے، تصاویر اور ویڈیوز میں چہرے سے شناخت کے لیے نادرا کے ڈیٹا بیس سے مدد لی جا رہی ہے۔ محسن نقوی نے گرفتار افراد پر الزامات کی تصدیق کے لیے فول پروف طریقہ کار اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بیگناہ کی گرفتاری نہ ہونے کویقینی بنانے کے لیے پروفیشنل طریقے سے کام کریں، تمام شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے، موثر تفتیش کے بعد پراسیکیوشن اپناکام بہتر طریقے سے کرے تاکہ کوئی بھی ذمہ دار بچ نہ پائے۔