190 ملین پاونڈ اسکینڈل: نیب نے عمران خان سمیت 5 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے
وارنٹ گرفتاری چیئرمین نیب کے دستخطوں سے جاری ہوئے، ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کی ہدایت
190ملین پائونڈ سکینڈل، نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر کیخلاف ریفرنس دائر کردیا
اسلام آ باد( ویب نیوز)
قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے 190 ملین پاونڈ اسکینڈل کیس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت 5 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتاری کے بعد نیب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ذلفی بخاری، فرحت شہزادی، مرزا شہزاد اکبر اور ضیا المصطفی نسیم کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے ہیں۔نیب نے ملزمان کو کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے جبکہ وارنٹ گرفتاری چیئرمین نیب کے دستخطوں سے جاری ہوئے۔وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کے لیے ڈی جی نیب اور متعلقہ آئی جیز کو ہدایات جاری کردی گئیں جبکہ ملزمان کو گرفتار کرکے متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔اس سے قبل نیب راولپنڈی نے احتساب عدالت اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی، بشری بی بی اور فرح گوگی سمیت دیگرملزمان کے خلاف 190ملین پانڈ اسکینڈل کیس میں ریفرنس دائر کردیا۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے ہمراہ عدالت میں ریفرنس دائر کیا اور احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں کل 8 ملزمان کے نام دیے گئے ہیں، جن میں چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ بشری بی بی، فرح گوگی، بیرسٹر ضیا مصطفی، ذوالفقارعلی (ذلفی) بخاری اور شہزاد اکبر سمیت دیگر شامل ہیں۔گزشتہ روز (بروز جمعرات 30 نومبر) 190 ملین پاونڈ اسکینڈل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کی تھی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھا اورعلی اعجاز نے درخواست دائر کی، جس میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں موقف پیش کیا گیا کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں، ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ 190 ملین پانڈز اسکینڈل کیس کے فیصلے تک عمران خان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔جج محمد بشیر نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے، اور سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔۔
190ملین پائونڈ سکینڈل، نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر کیخلاف ریفرنس دائر کردیا
ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے ہمراہ ریفرنس دائر کیا ، دائر ریفرنس میں کل 8 ملزمان کے نام شامل ہیں
اسلام آباد (صباح نیوز)190 ملین پائونڈ کرپشن سکینڈل میں نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی ، فرح گوگی ، شہزاد اکبر ، زلفی بخاری اور دیگر کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا۔ 190 ملین پائونڈ سکینڈل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ۔ نیب ریفرنس میں بشریٰ بی بی، فرح گوگی اور دیگر کو شامل کیا گیا۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں کل 8 ملزمان کے نام شامل ہیں۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے ہمراہ ریفرنس دائر کیا۔احتساب عدالت رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی۔