اسرائیل کی خان یونس میں بمباری، 24 گھنٹوں میں مزید158 فلسطینی شہید
حماس کے جنگجوؤں کے جوابی حملوں میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے
اسرائیلی فوج نے غزہ میں مزید 2فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا
قابض صیہونی فوج نے نصیر ہسپتال کے قریب بھی شیلنگ کی، ہسپتال میں موجود بے گھر فلسطینی علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئے
اسرائیلی فوج غزہ میں خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہے اور غزہ میں اس وقت ہر ایک شخص کو شدید بھوک کا سامنا ہے، ماہرین اقوام متحدہ
غزہ میں امداد کی رسائی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق معاہدہ پر بات چیت جاری ہے، قطر
غزہ/دوحہ( ویب نیوز)
اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے خان یونس میں بمباری کر کے مزید 23 فلسطینیوں کی جان لے لیں، اسرائیلی فوج نے 24 گھنٹوں میں 158 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق قابض صیہونی فوج نے نصیر ہسپتال کے قریب بھی شیلنگ کی، جس کے باعث ہسپتال کے احاطے میں موجود بے گھر فلسطینی علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ۔اسرائیلی فوج نے غزہ کے پناہ گزینوں کے کیمپ رفح میں گھر پر بمباری کرکے بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 12 افراد کو شہید کردیا۔ادھر حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فوجیوں پر جوابی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، حماس کی جانب سے خان یونس میں اسرائیلی فوج اور گاڑیوں پر حملے کیے گئے جس میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ اسرائیلی علاقے میں بھی راکٹ حملے کرکے عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں مزید 2فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں زمینی کارروائیوں کے دوران ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 188 ہوگئی ہے۔اس کے علاوہ غزہ کا طویل ترین مواصلاتی بلیک آؤٹ بھی پانچویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ماہرین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہے اور غزہ میں اس وقت ہر ایک شخص کو شدید بھوک کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ نے خبر دار کیا ہے کہ غزہ میں 22 لاکھ افراد قحط کے انتہائی خطرے سے دوچار ہیں جس کے سبب اقوام متحدہ نے امداد کی فوری ترسیل بڑھانے پر زور دیا ہے۔ دوسری جانب قطر نے کہا ہے کہ غزہ میں امداد کی رسائی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق معاہدہ پر بات چیت جاری ہے ۔وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لییقطر میں بات چیت کررہے ہیں۔ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 24 ہزار 285 افراد شہید اور 61 ہزار 154 سے زیادہ زخمی ہوئے، 7 اکتوبر کے حماس کے حملے سے اسرائیل میں ہلاک والوں کی نظر ثانی شدہ تعداد ایک ہزار 139 ہے۔
اسرائیلی جارحیت مین شہید بچوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی
غزہ(صباح نیوز)غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید بچوں کی تعداد 10ہزار سے تجاوز کر گئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار 285 ہوگئی ہے جن میں 10 ہزار سے زائد بچے اور سیکڑوں خواتین شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 61 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی بھی ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں اسپتال اور عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں۔