وفاق سے سر اٹھا کر بات کرتے ہیں کیونکہ ہم فارم 45 والے ہیں۔علی امین خان گنڈاپور
ہر قسم کے مظالم کے باوجودعمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اپنا حق اس طرح لیں گے جس طرح انگریزوں سے آزادی لی
عوام اپنے علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر کڑی نظر رکھیں
صوابی( ویب نیوز)
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان حق پر ہیں، ہم حق کا ساتھ دیتے رہیں گے ان کے خلاف تمام کیسز جعلی ہیں فوری رہا کیا جائے، ہر قسم کے مظالم کے باوجودعمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے اپنا حق اس طرح لیں گے جس طرح انگریزوں سے آزادی لی ،عوام میری ٹیم بنیں اور اپنے علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر کڑی نظر رکھیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے صوابی میں پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن پراجیکٹ کے لاٹ ون افتتاح کے موقع پر کیا۔ لاٹ ون مجموعی طور پر ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے مجموعی منصوبہ 15.6 ارب روپے کی لاگت سے 3 لاٹس اور 4 پیکجز میں مکمل کیا جائے گا۔منصوبے کا ابتدائی کمانڈ ایریا30 ہزار ایکڑ ہے،مزید 8 ہزار سے زائد ایکڑز کا اضافہ کیا جائے گا ۔منصوبے سے ضلع صوابی اور نوشہرہ اور کے عوام مستفید ہونگے۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصربھی اس موقع پر موجودتھے ۔علی امین خان گنڈاپورنے کہا کہ زراعت اور آبپاشی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں،فوڈ سکیورٹی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے، وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے میں مادڑن فارمنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا، تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے علاوہ روزگار بھی فراہم کریں گے، نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لئے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے، نئے مالی سال کے بجٹ میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔علی امین گنڈاپورنے واضح کیا کہ ہم اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتے ہیں تاکہ عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں، صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام ہونگے،صوبے میں جو بھی کام ہوگا وہ ہر ضلع اور ہر تحصیل میں ہوگا،عوام میری ٹیم بنیں اور اپنے علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر کڑی نظر رکھیں، اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد اور بدعنوانی کے خلاف عوام میرا ساتھ دیں، وزیر اعلی سرکاری محکمے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے چلتے ہیں، سرکاری حکام کو عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے تنخواہ ملتی ہے،سرکاری حکام عوام کی خدمت کریں اور ان کے مسائل مقامی سطح پر حل کریں، سرکاری حکام روایتی انداز سے ہٹ کر کام کریں اور عوام کے فوری نوعیت کے مسائل بروقت حل کریں۔وزیر اعلی نے کہا کہ پولیس منشیات فروشوں اور مافیاز کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرے،منشیات فروش ہمارے بچوں کے دشمن ہیں انہیں علاقے سے نکالا جائے،عوام غلط کاموں کی نشاندہی کریں ہم بھر پور کارروائی کریں گے،ہم ظالم کے خلاف مظلوم اور کمزور کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ہمارا مقصد تعلیم اور علاج کی فراہمی ہے عمارتیں بنانا نہیں، جہاں پر بھی ضرورت ہو وہاں پر کرائے کی عمارت میں سکول اور کالج کھولا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ بجلی کے حوالے سے وفاقی وزرا سے بات ہوئی ہے، لوڈشیڈنگ کم کی جائیگی ، ہم وفاق سے صوبے کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو سر اٹھا کر کرتے ہیں کیونکہ ہم فارم 45 والے ہیں ، ہر قسم کے ترقیاتی کام ہونگے لیکن ہمارا اصل مقصد حقیقی آزادی ہے،عمران خان ہماری نسلوں کے لئے جیل میں ہیں، انکی رہائی ہمارا فرض ہے، عمران خان حق پر ہیں، ہم حق کا ساتھ دیتے رہیں گے کیونکہ اللہ نے حق کا ساتھ دینے کا حکم دیا ہے، عمران خان کے تمام کیسز جعلی ہیں انہیں فوری رہا کیا جائے، عمران خان کی رہائی تک ہماری جدو جہد جاری رہے گی، ہر قسم کے مظالم کے باوجود ہم خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔وزیر اعلی نے کہا کہ اپنا حق اس طرح لیں گے جس طرح انگریزوں سے آزادی لی تھی۔ وزیر اعلی نے صوابی- ٹوپی روڈ کو دو رویہ کرنے ،گدون میں کرائے کی عمارت میں ڈگری کالج کھولنے،زیر تعمیر ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال صوابی کو اسی سال مکمل کرنے کے لیے درکار فنڈز فراہم کرنے کے اعلانات بھی کئے ۔