عمران خان ڈٹا ہوا ہے، چوروں اور ڈاکوں سے قوم کو حقیقی آزادی دلائیں گے، علی امین گنڈاپور
 ہم نے چوروں کی حکومت کا راستہ روکنا ہے، محمود اچکزئی
ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں آئین کی بالادستی ہو، پاکستان قیامت تک قائم رہے گا،جلسہ سے خطاب
صوابی ( ویب  نیوز)

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے موقف پر ڈٹ کر کھڑا رہا اور آج بھی ڈٹ کر کھڑا ہے، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ان چوروں، ڈاکوں سے اپنی قوم کو حقیقی آزادی دلائیں گے۔صوابی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان ہمارے بچوں کے مستقبل کی جنگ لڑرہا ہے، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ آج اگر ہم نے حقیقی آزادی نہ لی تو ہمیں آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔علی امین گنڈاپور نے کہاکہ عمران خان نے ہمیں پرامن رہنے کا کہا ہے، ہم اگست کے آخری ہفتے یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد میں جلسہ کریں گے، اگر انتظامیہ نے اجازت نہ دی تو پھر جلسہ ڈی چوک میں ہوگا، ہمیں کسی کا باپ بھی روک نہیں سکتا۔انہوں نے کہاکہ جب تک ہمارے اندر خون کا ایک قطرہ بھی موجود ہے، عمران خان کے لیے لڑیں گے۔ کیونکہ اپنے قائد کے لیے جان دینے والے ابھی موجود ہیں۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہاکہ آج ملک میں دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہو جائے تو افغانستان پر الزام لگایا جاتا ہے، میں سوال پوچھتا ہوں کیا تم نے ان کو مارنے کے لیے اڈے نہیں دیے تھے، تو کیا وہ تمہیں پھول بھیجیں گے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے دور میں بجلی کا یونٹ 16 روپے میں مل رہا تھا، جبکہ آج بجلی کا یونٹ 70 روپے کا ہوگیا ہے، اس کے علاوہ ہمارے دور میں پیٹرول 145 روپے تھا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف کی قیادت میں چوروں کی حکومت اس ملک کو لے ڈوبے گی، ہم نے اس کا راستہ روکنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں آئین کی بالادستی ہو، پاکستان قیامت تک قائم رہے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت بہترین ملک بنے کا جب انصاف کا بول بالا ہوگا، کسی قومیت کا قومیت پر جبر نہیں ہوگا، اور سب کی زبانوں کا احترام ہوگا۔