ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے حافظ نعیم الرحمن کی تفصیلی ملاقات کی۔
اسلام آباد ( ویب نیوز )
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پرامیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے اسلام آباد میں ان سے تفصیلی ملاقات کی۔
وفد میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی شامل تھے۔ 45 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے اسلامی ملکوں کی قیادت کو فوری کردار ادا کرنا چاہیے۔ اتفاق کیا گیا کہ فلسطینی مزاحمت کے ایک سال مکمل ہونے پر 7 اکتوبر کو عالمی سطح پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے ملائشین حکومت کی طرف سے فلسطینی زخمیوں کی دیکھ بھال کی کوششوں پر انور ابراہیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم انور ابراہیم نے حافظ نعیم الرحمن کو دورہ ملائیشیا کی دعوت دی۔ امیر جماعت اسلامی نے ان کا شکریہ ادا کیا اور ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے خصوصی اقدامات کی درخواست کی۔انور ابراہہم نے زمانہ طالب علمی میں پاکستان کے اپنے دوروں میں اسلامی جمعیت طلبہ اور سید ابو الاعلی مودودیؒ کے ساتھ ملاقاتوں کی خوشگوار یادوں کو تازہ کیا۔ ملاقات دوستانہ اور غیر رسمی ماحول میں ہوئی۔
جاری کردہ