حافظ نعیم الرحمن سے پی ٹی آئی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی ملاقات ،پولیس گردی سے آگاہ کیا

کاغذات نامزدگی کے موقع پر پولیس کے اہلکاروں نے گرفتاری شروع کردی، دیگر افراد بھی فارم جمع نہیں کرا سکے،چیئر مین وائس چیئر مین پی ٹی آئی

حافظ نعیم کی پیپلز پارٹی کی ایماء پر منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ہراساں کرنے اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکنے کے عمل کی شدید مذمت

الیکشن کمیشن اور آئی جی پولیس کاغذات نامزدگی کے ماحول کو شفاف بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔حافظ نعیم الرحمن کا مطالبہ

کراچی( ویب  نیوز)

پولیس کی جانب سے ڈرانے اور گرفتاری کی دھمکی کے باعث مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے رہ جانے والے پاکستان تحریک انصاف کے منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کے لیے ادارہ نورحق پہنچ گئے، ملاقات میں انہوں نے پولیس گردی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پی ٹی آئی کے مختلف چیئرمین اور وائس چیئرمین مخصوص نشستوں کے فارمز جمع کروانے کے لیے گئے تو پولیس کے اہلکاروں نے گرفتاری شروع کردی جس کے باعث مخصوص نشستوں پر کاغذات جمع کرانے کے لیے آئے ہوئے دیگر افراد بھی فارم جمع نہیں کرا سکے ۔ملاقات میں یوسی چیئر مین وسیم شیرازی ، محمد علی رضا، گلفام ، وائس چیئر مین عبد الرحمن ،محمد رحمن ، فیصل اسلم  شامل تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی ایماء پر منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ہراساں کرنے اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکنے کے عمل کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں جماعت اسلامی کے میئر کے امیدوار  کی حمایت کااعلان کیاہے ،پیپلزپارٹی ایک بار پھر سے فسطائیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی گرفتاریاں کررہی ہے ، یہ صورتحال الیکشن کمیشن اور ملک کے تمام اداروں کے لیے سوالیہ نشان ہے کہ جس وقت مخصوص نشستوں کے کاغذات نامزدگی جمع ہو رہے ہیں تولوگوں کو روکا جارہا ہے اور انہیں ان کے آئینی و قانونی حق سے محروم کیا جا رہاہے یہ عمل انتہائی قابل مذمت اور غیر جمہوری ہے کہ جب پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کاغذات نامزدگی جمع کرانے گئے تو وہاں پولیس موبائیلیں لاکر کھڑی کردی گئیں اور انہیں گرفتار کرنا شروع کردیا ،پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وائس چیئرین کو پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق حق حاصل ہے کہ یہ اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں ،انہیں کراچی کے عوام نے منتخب کیا ہے اور جو لوگ انہیں روک رہے ہیں وہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں ۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن اور آئی جی پولیس اپنی ساکھ کر بحال کرنے کے لیے کاغذات نامزدگی کے ماحول کو شفاف بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کریں ،پیپلزپارٹی خود کو عوامی اور جمہوریت پسند پارٹی کہتی ہے تو وہ عوام کی رائے کو تسلیم کرے اور پی ٹی آئی کے لوگوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرے ۔پیپلزپارٹی پی ٹی آئی کے لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کے عمل سے باز رہے۔#