موٹروے پرپی ٹی آئی کارکنان کے تشدد سے زخمی پولیس کانسٹیبل مبشرشہید ہوگیا،70سے زائد زخمی
سی سی ٹی وی فوٹیجز سے شرپسند حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جاری ہے، پولیس
ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید پولیس کانسٹیبل مبشر کے اہلخانہ کیساتھ ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہلخانہ سے ہمدردی وتعزیت کا اظہار
اسلام آباد( ویب نیوز)
ہزارہ اور ایم ون موٹروے پر پی ٹی آئی کارکنان کے تشدد سے زخمی ہونے والا پولیس کانسٹیبل مبشرشہید جبکہ 70 سے زائد اہلکار زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ہکلہ کے قریب جھڑپوں کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد انہیں طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر حسن ابدال منتقل کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان نے احتجاج کے دوران ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 46 سالہ کانسٹیبل مبشر سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے شہید ہوگیا۔ زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ متوفی کے سوگواران میں دو بیٹیاں، ایک بیٹا اور بیوی شامل ہے۔ شر پسندوں کے تشدد کی وجہ سے پولیس کے 70 اہلکار زخمی ہوئے جن کے سر، بازو اور ٹانگوں پر زخم آئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کی تحفظ کیلئے پرعزم ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز سے شرپسند حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔شدت پسند شر پسند عناصر کو ہر حال میں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حسن ابدال پہنچے اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مظاہرین کے تشدد سے راولپنڈی کے پولیس کانسٹیبل کی شہادت کی تصدیق کی اور اسے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے مظاہرین کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل مبشر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مبشر نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا رتبہ حاصل کیا، تشدد کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید پولیس کانسٹیبل مبشر کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، شہید کانسٹیبل مبشر کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شہید پولیس اہلکار راولپنڈی پولیس میں تعینات اور مظفر گڑھ کا رہائشی تھا۔
#/S
راولپنڈی اور اسلام آباد میں تعلیمی ادارے آج (منگل کو) بھی بند رہیں گے
امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر کل تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے، ڈپٹی کمشنر
اسلام آباد(ویب نیوز)
جڑواں شہروں کے نامساعد حالات کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے آج منگل 26 نومبر کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر کل تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے۔آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے بھی منگل کو چھٹی کا اعلان کردیا ہے، دوسری جانب ڈپٹی کمشنراسلام آباد نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جاری صورتحال کے مد نظر 26 نومبر منگل کو تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔۔