بانی پی ٹی آئی پارٹی قیادت سے  ناراض، عمران خان نے پارٹی لیڈر زکو چارج شیٹ کردیا
میں نے اخباروں میں خبریں دیکھیں تو ایسا تاثر ملا جیسے جیل کے باہر دوستانہ ماحول چل رہا ہے
 ڈی چوک معاملے کو پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر نہ اٹھانے پر حیرانی ہوئی ،اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو

ڈی چوک اور سانحہ  9مئی کی عدالتی تحقیقات سینئر ترین ججز سے کروائی جائے ،علیمہ خان
اتوار کو باغ ناران پشاور میں شہدا ء کے لیے سب جمع ہوں گے،اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی (ویب  نیوز)

بانی پاکستان تحریک انصاف اپنی پارٹی کی قیادت سے ناراض ہیں۔ عمران خان نے پارٹی لیڈرزکو چارج شیٹ کردیا۔ جیل کے باہر ماحول پر سوالات اٹھا دئیے۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے اخباروں میں خبریں دیکھیں تو ایسا تاثر ملا جیسے جیل کے باہر دوستانہ ماحول چل رہا ہے اور سارے خوشی خوشی رہ رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے اپنی لیڈرشپ کے روئیے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے توقع تھی کہ ڈی چوک کے معاملے کو پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر بھرپور اٹھانا چاہیے تھا، مگر مجھے حیرانی ہے کہ ایسا نہیں ہوا۔

اتوار کو باغ ناران پشاور میں شہدا ء کے لیے سب جمع ہوں گے، علیمہ خان

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمرا ن  خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے ایک بار پھر اپنے دو مطالبات دہرا دئیے اور کہا ہے کہ ڈی چوک اور 9 مئی کے واقعات کی عدالتی تحقیقات سینئر ترین ججز سے کروائی جائے جبکہ بے گناہ کارکنان کو رہا کیا جائے۔  ان خیالات کا اظہار علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ڈی چوک کا نیا نام شہدا چوک رکھ دیا ہے اور یہ ہمیشہ رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ اتوار کا دن یوم شہدا کے لیے مقرر ہو چکا ہے، دنیا بھر میں شہدا کے لئے دعا کی جائے گی۔ علیمہ خان نے کہا کہ بہت شواہد آچکے جن میں ویڈیوز بھی شامل ہیں، یہ حقائق چھپا نہیں سکیں گے، شواہد سامنے آرہے ہیں اداروں اور اسپتالوں سے لوگ دے رہے ہیں، آج نہیں تو کل سب کچھ ظاہر ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو بانی پی ٹی ائی نے اوورسیز پاکستانیوں کو کہا ہے وہ رقوم پاکستان نہ بھیجیں، یہ وہی اوورسیز پاکستانی ہیں جن کو آپ ووٹ کا حق دینے کو تیار نہیں، جنھیں کال کرکے دھمکیاں دیتے ہیں، یہ وہی پاکستانی ہیں جنہیں یہ کہا جاتا ہے کہ آپ کے پاکستان لینڈ کرتے ہی آپ کو حراست میں لے لیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ اتوار کو باغ ناران پشاور میں شہدا کے لیے سب جمع ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی ائی نے کہا ہے کہ ہمیں دیوار سے لگا دیا گیا ہے، ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں، 2 ہی مطالبات ہیں کہ ڈی چوک سانحہ اور 9 مئی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری 3سینئر موسٹ ججز سے کروائی جائے، پی ٹی ائی کے بے گناہ کارکنان کو رہا کیا جائے۔