پارٹی کی سینئر قیادت نے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے میڈیا بیانات پر نوٹس لیا ہے، جنید اکبر
میں وزیراعلی کے وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے پر تبصرہ نہیں کرونگا، اللہ تعالی کو پتہ ہوگا کہ وزیر اعلیٰ کیا کررہے ہیں،صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا
پارٹی کے اندرونی معاملات پر بات کرنے سے منع کیا گیا ہے، میڈیا پر تماشہ لگانے والے کیخلاف ایکشن ہوگا،شیخ وقاص اکرم
پشاور(ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ پارٹی کی سینئر قیادت نے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے میڈیا بیانات پر نوٹس لیا ہے۔ پشاور میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے لگائے گئے۔ کیمپ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی میں X, Y,Z کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ سیاسی کمیٹی معاملے کو جلد حل کرلے گی۔ صوبائی صدر نے کہا کہ میرا اور وزیر اعلی کا اختلاف تھا، لیکن بانی چیئرمین نے کال دی تو ہم اکٹھے ہوگئے۔ اگلے ہفتے کے پی کے مختلف اضلاع میں احتجاج کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کو ہٹانے میں صداقت نہیں تاہم علی امین گنڈا پور نے رہنمائوں پر جو الزامات لگائے پارٹی کی سیاسی کمیٹی نے اس کا نوٹس لے لیا کیونکہ یہ درست الزامات نہیں ہیں۔ فریقین کو حالیہ صورتحال میں صبر و تحمل سے کام لینا چاہیے۔خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر نے کہا کہ پارٹی میں علی امین ہوں یا تیمور جھگڑا سب بانی کے کارکن ہیں ، پارٹی کی سینئر قیادت نے وزیر اعلیٰ کے بیانات کا بھی نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں وزیراعلی کے وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے پر تبصرہ نہیں کرونگا، اللہ تعالی کو پتہ ہوگا کہ وزیر اعلی کیا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو وزیراعلی کے منصب کیلئے بانی چیئرمین نے منتخب کیا، اس وقت ہم عمران خان کو جیل سے نکالنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔
پارٹی کے اندرونی معاملات پر بات کرنے سے منع کیا گیا ہے، شیخ وقاص اکرم
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پارٹی کے اندرونی معاملات پر بات کرنے سے منع کیا گیا ہے، میڈیا پر تماشہ لگانے والے کے خلاف ایکشن ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص نے کہا کہ بانی سے بات کر کے ان کا بندوبست کریں گے۔ شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ جے یو آئی سے اتحاد پر مولانا فضل الرحمان سے مشاورت مکمل ہوگئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے مولانا نے پندرہ اپریل تک کا وقت مانگا ہے۔




