اسرائیل کے بین گوریون ایئرپورٹ پر حوثیوں کا میزائل حملہ، 6 زخمی،، تل ابیب ایئرپورٹ بند
میزائل کے بعض حصے ایئرپورٹ کے قریب گرے
حملہ بیلسٹک میزائل کا تھا جسے وہ متعدد کوششوں کے بعد بھی بروقت روکنے میں ناکام رہے، اسرائیلی فورسز کا اعتراف
تل ابیب( ویب نیوز)
اسرائیل کے بین گوریون ایئرپورٹ کے احاطے میں ہونے والے حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔عالمی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد ایئرپورٹ کی فضائی حدود کو پروازوں کے لیے بند کردیا گیا تاہم بعد میں اسے بحال کیا گیا۔میزائل حملے کے بعد اسرائیلی وزیردفاع نے حوثیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ہم پر حملہ کرے گا ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے جبکہ دوسری طرف یمن میں موجود حوثیوں باغیوں کے ایک سینیئر عہدیدار قطر کے ایک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ اسرائیل کے اندر حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ہماری صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اسرائیلی فورسز نے تسلیم کیا ہے کہ حملہ بیلسٹک میزائل کا تھا جسے وہ متعدد کوششوں کے بعد بھی بروقت روکنے میں ناکام رہے۔ اسرائیل ایئرپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ وہ اس حملے کی تحقیقات کررہے ہیں،عرب ٹی وی رپورٹ کے مطابق اتوار کو اپنے ٹیلیگرام اکاونٹ پر ایک بیان میں فوج نے نشاندہی کی کہ "اسرائیل کے اندر کئی علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بجے۔”بعد میں ایک بیان میں مزید کہا گیا کہ "میزائل کو روکنے کی کئی کوششیں کی گئیں۔” میزائل کے بعض حصے وسطی اسرائیل میں گرے۔فوج نے مزید کہا کہ اسرائیل میں 269 مقامات پر فضائی حملے کے سائرن بجے اور میزائل کے بعض حصے قریبی علاقے میں گرنے کی بنا پر تل ابیب ایئرپورٹ بند کر دیا گیا۔غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد حوثیوں نے کئی بار اسرائیل کی طرف راکٹ اور ڈرون داغنے کا اعلان کیا۔ البتہ غزہ میں جنگ بندی کے دوران انہوں نے حملے روک دیئے تھے مگر اسرائیلی حملے دوبارہ شروع ہو جانے کے بعد انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک غزہ پر بمباری جاری رہے گی، ان میں شدت آئے گی۔یاد رہے کہ 15 مارچ سے امریکہ نے یمن میں حوثیوں مراکز کے خلاف تقریبا روزانہ فضائی بمباری کی ہے جس سے شدید نقصان اور ہلاکتیں ہوئی ہیں۔۔





