سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں،8 دہشتگرد ہلاک ،1فوجی جوان شہید
صدر مملکت آصف زرداری،وزیراعظم شہباز شریف اوروزیر داخلہ محسن نقوی کی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش

راولپنڈی ( ویب  نیوز)

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 8دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان شہید ہو گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین دہشتگرد مارے گئے۔ اسی طرح جنوبی وزیرستان کے ضلع میں کیے گئے ایک اور آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں 40سالہ نائیک مجاہد خان (رہائشی ڈسٹرکٹ کوہاٹ) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خیبر اور بنوں کے اضلاع میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان دو مزید جھڑپیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں تین دہشتگرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، یہ دہشتگرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں موجود کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اوروزیر داخلہ محسن نقوی کی صوبہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش۔ تفصیلات کے مطابق  صدر مملکت آصف علی زرداری کا خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کیخلاف مختلف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ صدر مملکت نے کارروائیوں کے دوران 8 دہشتگردوں کو  ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا ۔ انہوں نے جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے نائیک مجاہد خان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ صدر مملکت نے نائیک مجاہد خان کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے کامیاب کارروائیاں کررہی ہیں۔ صدر مملکت نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ صدرمملکت نے شہید کے بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صوبہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف مختلف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش۔ وزیراعظم نے ان آپریشنز میں 8دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ شہباز شریف نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کی نائیک مجاہد خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم کی شہید کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہید مجاہد خان کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب  انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ کی طرح آج بھی بر وقت کارروائیاں کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ملیا میٹ کیا۔ محسن نقوی کا 8 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے نائیک مجاہد خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی کی شہید نائیک مجاہد خان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت ۔انہوں نے کہا کہ نائیک مجاہد خان وطن کی خاطر جان نچھاور کرکے ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نائیک مجاہد خان ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔
#/S