لاہور: پاکستان میں ایک ہی روز ریکارڈ چار ہزار چھ سو اٹھاسی کیس سامنے آگئے۔ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید بیاسی اموات، تعداد ایک ہزار سات سو ستر تک پہنچ گئی۔
ملک بھر میں اب تک 6 لاکھ 15 ہزار 511 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 ہزار 167 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 30 ہزار 128 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 82 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 770 ہوگئی۔ سندھ میں 555، پنجاب میں 607، خیبر پختونخوا میں 500، گلگت بلتستان میں 12، بلوچستان میں 51 اور اسلام آباد میں 38 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے وبا کے سو دن پورے ہو چکے ہیں۔ ملک میں پہلا کورونا کیس 26 فروری کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔ فروری کے آخری چار دنوں میں 4 افراد کورونا سے متاثر ہوئے۔ مارچ میں کورونا سے 2 ہزار 35 افراد متاثر اور 26 اموات ہوئیں۔
اعدادوشمار کے مطابق اپریل میں کورونا سے 14 ہزار 778 افراد متاثر اور 359 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ مئی میں ریکارڈ 52 ہزار 679 افراد کورونا سے متاثر اور ایک ہزار 98 افراد فوت ہوئے۔ جون کے چار دنوں میں 15 ہزار 767 افراد کورونا سے متاثر اور 287 افراد فوت ہو چکے ہیں۔