چیئرمین پی ٹی اے کی جی ایس ایم اے سے دو طرفہ ملاقات
اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ)حفیظ الرحمن نے ناروے کے شہر لیلسٹروم میں منعقدہ انٹرنیٹ گورننس فورم (آئی جی ایف)2025کے موقع پر گلوبل سسٹم فار موبائل کمیونیکیشنز ایسوسی ایشن(جی ایس ایم اے)کی قیادت سے دو طرفہ ملاقات کی۔ملاقات میں موبائل براڈبینڈ کے فروغ، اسپیکٹرم پالیسی، ڈیجیٹل شمولیت اور ٹیلی کام شعبے کی ترقی جیسے اہم موضوعات پر باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ، موثر ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل، اور سرمایہ کاری و جدید ٹیکنالوجیز کے لیے سازگار ماحول کے قیام کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا ۔جی ایس ایم اے کی جانب سے پی ٹی اے کے متحرک اور ترقی پسند ریگولیٹری کردار کو سراہا گیا جبکہ پاکستان کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے اہداف کے پیش نظر جی ایس ایم اے نے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔واضح رہے کہ یہ ملاقات پی ٹی اے کے بین الاقوامی اشتراک کے فروغ ، عالمی بہترین روایات سے ہم آہنگی ، اور ایک مربوط و جدید اور ڈیجیٹلی بااختیار پاکستان کی تشکیل کے لیے اس کے مثر ریگولیٹری کردار کو ظاہر کرتی ہے۔
پی ٹی اے اور جی ڈی آئی پی کے مابین ڈیجیٹل شمولیت کے حوالے سے اسٹریٹجک تعاون کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ)حفیظ الرحمن کی قیادت میں پاکستانی وفد نے انٹرنیٹ گورننس فورم(آئی جی ایف) 2025 کے موقع پر گلوبل ڈیجیٹل انکلوژن پارٹنرشپ (جی ڈی آئی پی)سے اعلی سطحی دو طرفہ ملاقات کی۔یہ ملاقات دونوں اداروں کے مابین طے شدہ تعاون کے خط (Letter of Cooperation) کی روشنی میں ہوئی، جس میں جی ڈی آئی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اونیکا این مکواکوا بھی شریک تھیں۔دوران ملاقات فریقین نے ڈیجیٹل نظام کو جامع، مساوی اور ہر فرد کی دسترس میں لانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا، بالخصوص صنفی لحاظ سے حساس پالیسی سازی اور برابری پر مبنی رسائی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پی ٹی اے نے اپنے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جن میں جینڈر ڈیجیٹل ڈیوائیڈ پروگرام کی پیشرفت اور آنے والی سب میرین کیبلز ورکشاپ کے نفاذ کا منصوبہ بھی شامل ہے۔مذاکرات میں صنفی شمولیت کی حکمتِ عملی کے تحت تعاون کی توسیع اور موثر کنیکٹیویٹی و ڈیجیٹل بااختیاری کے لیے نئے مواقعوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پی ٹی اے جامع اور پائیدار ڈیجیٹل تبدیلی کے ضمن میں عالمی اشتراک کے فروغ کے لئے پر عزم ہے۔





