سعودی عرب نے پاکستان میں گو اے آئی ہب کا باضابطہ افتتاح کردیا
گو اے آئی ہب کا افتتاح وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ اور سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کیا
منصوبے سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،شزافاطمہ
اسلام آباد( ویب نیوز)
سعودی عرب نے پاکستان میںگو اے آئی ہب کا باضابطہ افتتاح کردیا،گو اے آئی ہب کا افتتاح وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ اور سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کیا۔وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستی کوگواے آئی ہب نے مزید مضبوط کر دیا ہے۔ منصوبے سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ہفتے کوپاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کو فروغ دینے کے ایک تاریخی اقدام کے تحت، گو اے آئی ہب پاکستان کا اسلام آباد میں افتتاح کردیا گیا۔ یہ منصوبہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن (MoIT&T) اور سعودی عرب کی کمپنی گو ٹیلی کام (اتحاد اثیر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی)کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔یہ سنگِ میل مصنوعی ذہانت، ڈیٹا انفراسٹرکچر اور افرادی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جسے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے تحت سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک سرمایہ کاری کی شراکت داری کے فروغ کے لیے ممکن بنایا گیا۔اس اعلی سطحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ، سی ای او گو ٹیلی کام یحیی بن صالح المنصور، SIFC کے سینئر حکام اور پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے نمائندگان نے شرکت کی۔سی ای او گو ٹیلی کام یحیی بن صالح المنصور نے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کے لیے اپنی کمپنی کے طویل المدتی عزم کا اعادہ کیا۔ یہ منصوبہ SIFC فریم ورک کے تحت اعلی سطحی روابط کے نتیجے میں وجود میں آیا، جو وزیراعظم کے حالیہ دورہ ریاض کے بعد عملی شکل اختیار کر گیا۔ دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں کا تعلق ڈیٹا سینٹر اور اے آئی انفراسٹرکچر کی ترقی، گو ٹیلنٹ ہب کے قیام اور گو اے آئی ہب پاکستان کے عملی آغاز سے ہے۔یہ پیش رفت SIFC اور وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی اس کامیابی کا مظہر ہے جس کے ذریعے دوطرفہ ارادوں کو عملی شراکت داریوں میں تبدیل کیا گیا، جو پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دیتے ہوئے دونوں ممالک کو عالمی اختراعی منظرنامے میں کلیدی شراکت داروں کے طور پر ابھار رہی ہے۔وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستی کو پیک نے مزید مضبوط کر دیا ہے،وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت معرکہ حق نے پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا،پاکستان میں اے آئی ہب کے افتتاح سے اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی اپنی سروسز فراہم کر سکیں گے،اس منصوبے سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،مصنوعی ذہانت کے شعبے میں پاکستانی طلبہ اور ماہرین کو مزید ترقی کے مواقع میسر آئیں گے،شزا فاطمہ نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوگی،وزیراعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں ملک ترقی اور خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہے،ایس آئی ایف سی نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے پل کا کردار ادا کیا ہے،





