اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل کا افتتاح کردیا۔ جمعرات کو ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف ، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ، سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم ، یوتھ پارلیمنٹ کے ارکان اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ڈیجیٹل پلیٹ فارم پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کی ترقی کے وژن کے تحت نوجوانوں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے تعلیم کی بین الاقوامی معیار کی سہولیات، روزگار، دیگر تعمیراتی سرگرمیوں اور ماحولیات کے حوالے سے آسان رسائی فراہم کرے گا۔

  • نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے،وزیراعظم
  • یوتھ پروگرام کے ذریعے اب تک 30 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں، پاکستان ایجوکیشن انڈو منٹ فنڈ کے لئے 5 ارب روپے مختص کئے
  • نوجوان پورٹل کے ذریعے اپنے آپ کو رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں،لیپ ٹاپ سکیم سرکاری تعلیمی اداروں کے غریب طلبا و طالبات کے لئے ہے
  • شہبازشریف کا ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کو عظیم تر اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ   نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے ،لیپ ٹاپ اور قرضہ سکیم سے ہونہار غریب طلبا وطالبات فائدہ اٹھائیں گے، یوتھ پروگرام کے ذریعے اب تک 30 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں، پاکستان ایجوکیشن انڈو منٹ فنڈ کے لئے 5 ارب روپے مختص کئے ہیں، دوبارہ منتخب ہوئے تو نوجوانوں کے لئے مختص رقم مزید بڑھائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو  ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کو پورے ملک میں برق رفتاری سے پھیلا رہے ہیں۔میں نے پشاور ، کراچی، لاہور ،گوادر کے دورے کئے ہیں، پورے ملک کے ہونہار طلبا و طالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں۔ یوتھ پروگرام سے کاروبار، زراعت اور ایس ایم ایز کے لئے قرضوں کی مد میں اب تک 30 ارب روپے بینکوں کے ذریعے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ یوتھ سپورٹس پروگرام کے لئے بجٹ میں 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ آئی ٹی پروگرام ، فری لانسرز ، فنی تربیت اور دیگر شعبوں کے لئے مجموعی طور پر بجٹ میں 80 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ نوجوانوں کو کاروبار کے لئے قرضے کی مد میں 5 ارب روپے کی رقم رکھی ہے۔وظائف کے لئے بھی 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2008 میں پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ ہم نے قائم کیا تھا اور 10 سال میں ہونہار طلبا و طالبات میں 22 ارب روپے کے وظائف تقسیم کئے جن سے 4 لاکھ سے زائد ہونہار طلبا وطالبات مستفید ہوئے۔ اب وفاق کی سطح پر پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا گیا جس کے لئے 5 ارب روپے رکھے ہیں اور یہ رقم ہونہار طلبا و طالبات میں تقسیم کی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ میرا بس چلے تو 5 ارب روپے کی یہ رقم بڑھا کر 500 ارب روپے کر دوں۔ نوجوان اس پورٹل کے ذریعے اپنے آپ کو رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں۔ لیپ ٹاپ سکیم سرکاری تعلیمی اداروں کے غریب طلبا و طالبات کے لئے ہے۔ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کے لئے نہیں کیونکہ وہ بھاری فیس ادا کر سکتے ہیں تو لیپ ٹاپ بھی خرید سکتے ہیں۔ لیپ ٹاپ اور قرضہ سکیم سے غریب طلبا و طالبات مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دوبارہ منتخب ہوئے تو نوجوانوں کے لئے مختص رقم میں اضافہ کریں گے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ ہم مل کر ملک کوعظیم بنائیں گے ۔نوجوانوں سے بھی امید ہے کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے اربوں روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ تاریخ میں نوجوانوں کے لئے پہلی بار یوتھ سپورٹس فیسٹیول منعقد کئے گئے۔ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ہیں۔نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے بھی 5 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے حکومتی اقدامات سے متعلق پورٹل کاا جرا انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ اس سے نوجوانوں کو بہت فائدہ ہو گا۔ سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ سی پیک نواز شریف اور چین کے صدر شی جن پنگ کا مشترکہ وژن تھا۔ نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ملک سے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ نوجوانوں کو ہنر مند بنائے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔ قبل ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل کا افتتاح  کیا ۔اس سلسلہ میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف ، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ، سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ، یوتھ پارلیمنٹ کے ارکان اور اعلی افسران نے شرکت کی۔