کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے مزید ٹکٹ ہولڈرز کا جماعت سے دستبرداری کا اعلان

ریاست پر حملہ کر کے کوئی جماعت سیاست نہیں کر سکتی ، بیرسٹر عثمان ،خضر مانگٹ کی لاہورپریس کلب میں میڈیا سے گفتگو

لاہور(  ویب  نیوز)

کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کے مزید ٹکٹ ہولڈرز نے جماعت سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹی ایل پی کے سابق امیدوار بیرسٹر عثمان خضر مانگٹ اور دیگر رہنمائوں نے کہاکہ وہ پارٹی سے اپنا تعلق ختم کررہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت کے لاہورپریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عثمان ،خضر مانگٹ کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں پر حملہ کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں، غیر معمولی حالات میں احتجاجی ریلی نکالنا ایک غیر ذمہ دارانہ اقدام تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ریاست کو خطرہ ہو گا تو میری سیاست کا کوئی فائدہ نہیں، کیونکہ ریاست کے ساتھ سیاست نہیں ہو سکتی، مسلح جتھوں نے سکول کے بچوں کی وین چھینی اور نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ بیرسٹر عثمان خضر مانگٹ نے واضح کیا کہ ریاست پر حملہ کر کے کوئی جماعت سیاست نہیں کر سکتی ،ہم ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر طرح کے پرتشدد مظاہروں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ تحریک لبیک پاکستان نے ملک میں پرتشدد احتجاج کیا تھا، جس کی پاداش میں پارٹی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس سے قبل جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے متعدد سابق ٹکٹ ہولڈرز جماعت سے لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں۔