جمعے کو ملک گیر تحریک کا آغاز کیا جائے گا،احتجاج پرامن ہوگا، محمود اچکزئی کا اعلان

اپوزیشن عالمی سفارتخانوں سے رابطے کرے گی اور موجودہ حکومت کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو ختم کرنے کی استدعا کریگی،میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد (ویب  نیوز)

اپوزیشن اتحاد نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حالات نہ بدلے تو وہ حکومت کے لیے مشکلات پیدا کریں گے اور غیر ملکی سفیروں کو خطوط لکھ کر انہیں موجودہ حکومت سے کیے گئے تمام معاہدے ختم کرنے کی استدعا کریں گے۔ نامزد اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن رہنماں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں اعلان کیاکہ جمعے کو ملک گیر تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ احتجاج پرامن ہوگا اور ایک بھی پتھر نہیں پھینکا جائے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ اپوزیشن عالمی سفارتخانوں سے رابطے کرے گی اور ان سے موجودہ حکومت کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو ختم کرنے کی استدعا کریگی۔محمود اچکزئی نے عالمی اداروں کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ کے مطابق 45 فیصد لوگ غربت کی لائن سے نیچے ہیں، یہ حکومت عوام کے مفاد میں اقدامات کرے۔اپوزیشن کے سربراہ نے زور دیا کہ پاکستان کا آئین بالادست ہونا چاہیے، پارلیمنٹ ملک میں طاقت کا اصل سرچشمہ ہو اور تمام صوبوں کے معدنی وسائل پر پہلا حق متعلقہ صوبے کا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے اپوزیشن تیار ہے، لیکن حکومت کو مینڈیٹ واپس کرنا ہو گا۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاکہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے اختیارات محدود کر دیے گئے ہیں اور چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے، تاہم اپوزیشن اس عہدے کو دوبارہ بحال کرے گی۔ بیرسٹر گوہر علی نے کہاکہ عدلیہ کے اختیارات اور تشخص کو واپس لانا ناگزیر ہے، عدلیہ کی اصلاح ضروری ہے، لیکن ججوں کے ساتھ رویہ ناقابل قبول ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ ترامیم آئین کی روح کے منافی ہیں اور نئی کلاز کے اضافے سے چیف جسٹس کے کردار کو محدود کیا گیا ہے۔