لاہور (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آغاز آج (بدھ) سے صوبائی دارالحکومت لاہور سے ہوگا، 2 بجے چیرنگ کراس لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما گرفتاریاں پیش کریں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق پہلے مرحلے میں سابق گورنرعمر سرفراز چیمہ، ولید اقبال، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس گرفتاری دیں گے، پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکن بھی اس موقع پر وہاں موجود ہوں گے۔ خیال رہے کہ 17 فروری کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ 22 فروری سے جیل بھرو تحریک کا آغاز کریں گے۔ تحریک انصاف کے جاری شیڈول کے مطابق 22 فروری سے یکم مارچ تک روزانہ 200 کارکنان رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دیں گے، گرفتاریاں نہ ہونے کی صورت میں کارکنان اور اراکین اسمبلی مقررہ مقام پر دھرنا دیں گے۔ شیڈول کے مطابق23 فروری کو پشاور، 24 کو راولپنڈی، 25 ملتان اور 26 فروری کو گوجرانوالہ کے کارکنان گرفتاری دیں گے، کارکنان اور پارٹی رہنمائوں کی جانب سے 27 فروری کو سرگودھا، 28 فروری کو ساہیوال اور یکم مارچ کو فیصل آباد میں رضاکارانہ گرفتاریاں دی جائیں گی۔