اسلام آباد، (  ویب  نیوز  )

پاکستان کے صف اول کے ڈیجیٹل مائیکروفنانس بینک، موبی لنک بینک نے اسلامی بینکاری خدمات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں ذمہ دار اورشرعی اصولوں سے ہم آہنگ مالیاتی خدمات متعارف کی جائیں گی۔ اس بات کا اعلان ابوظہبی میں منعقدہ ویون گروپ (VEON Group) کے سالانہ اجلاس،اگنائٹ (Ignite) کے دوران کیا گیا۔ اس سے قبل، بینک نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے باقاعدہ اسلامک بینکنگ لائسنس حاصل کرلیا تھا۔ اس سہولت کے تحت جاز کیش بھی اسلامی مالیاتی مصنوعات متعارف کرا سکے گا اور شرعی اصولوں کے تحت خدمات فراہم کرنے والا ملک کا سب سے بڑا ڈیجیٹل والٹ بن کر اُبھرے گا۔
موبی لنک بینک ابتدائی مرحلے میں کراچی اور پشاور میں دو خصوصی اسلامی بینکاری شاخیں قائم کرے گا۔ ان کے علاوہ، دس دیگر شاخوں میں اسلامک بینکنگ ونڈوز بھی شروع کی جائیں گی، جبکہ اگلے مرحلے میں اس نیٹ ورک کو 15 برانچز اور 20 اسلامک بینکنگ ونڈوز تک وسعت دی جائے گی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین موبی لنک بینک و سی ای او جاز، عامر ابراہیم نے کہا، ”اس لائسنس کے اجراء سے موبی لنک بینک کو پاکستان میں شرعی تقاضوں کے مطابق مائیکروفنانس خدمات کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ مائیکروفنانس کے شعبے میں مذہبی اصولوں سے ہم آہنگ مالیاتی مصنوعات کی فراہمی سے ہم چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو درپیش فنڈنگ کے مسائل کم کرنے میں مدد کرسکیں گے اور ملک بھر کے پسماندہ لوگوں کو معاشی سرگرمیوں میں زیادہ مؤثر انداز میں شامل کرسکیں گے۔“
تقریب سے خطاب میں موبی لنک بینک کے صدر و سی ای او، حارث محمود چوہدری نے کہا، ”اسلامی بینکاری خدمات کا آغاز مستقبل کی ڈیجیٹل ضروریات سے ہم آہنگ اور سب کیلئے قابلِ رسائی مالیاتی نظام تشکیل دینے کے ہماری جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ شرعی اصولوں کے مطابق بینکنگ خدمات میں وسعت لاکر ہم ان طبقات کے لیے نئے مالی مواقع پیدا کر رہے ہیں، جو طویل عرصے سے بینکنگ خدمات سے محروم رہے ہیں۔ ہمارا اسلامک بینکنگ کا پورٹ فولیو ایسی شفاف، قابلِ اعتماد اور دین سے ہم آہنگ مالیاتی سہولیات فراہم کرتا ہے، جن کے ذریعے صارفین باقاعدہ معیشت کا حصہ بن سکیں گے۔“
اسلامک بینکنگ کے آغاز کے ساتھ ہی بینک نے شرعی اصولوں سے مطابقت رکھنے والی تین مالی مصنوعات بھی متعارف کرا دی ہیں۔ ’تکمیل‘ کرنٹ اکاؤنٹ روزمرہ لین دین کے لیے شرعی ضابطوں کے مطابق سہولت فراہم کرتا ہے۔ اسی طرح، ’یقین‘ سیونگز اکاؤنٹ صارفین کو محفوظ طریقے سے اپنی رقوم رکھنے کی سہولت دیتا ہے، جبکہ مرابحہ فنانسنگ سہولت، ’امید‘ گھریلو اور انفرادی ضروریات کے لیے شفاف اور حلال فنانسنگ مہیا کرتی ہے۔ یہ مصنوعات موبی لنک بینک کے اسلامی بینکنگ آپریشنز کے ابتدائی پورٹ فولیو کا حصہ ہیں، جنہیں مرحلہ وار ملک بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔
بینک اگلے چند مہینوں میں اپنی اسلامی خدمات میں مزید وسعت لائے گا اور شریعت کے مطابق تیارکرہ جامع ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات پیش کرے گا۔ یہ توسیع صارفین کو مرکزی اہمیت دینے اور مالی شمولیت کو جدید و مضبوط کرنے کے وسیع ویژن کے عین مطابق ہے۔