بلوچستان میں آپریشن ’’ردالفتنہ ون‘‘ کامیابی سے مکمل، 216 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد مارے گئے
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں ’’ردالفتنہ ون‘‘ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ آپریشن میں مجموعی طور پر 216 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد مارے گئے ہیں۔
بلوچستان میں منظم کو آرڈینیٹڈ انٹیلی جنس آپریشنز کیے گئے اور آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد عناصر کا خاتمہ یقینی بنایا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفتنہ ون 29 جنوری کو پنجگور سے شروع کیا گیا تھا۔ آپریشن کے دوران پنجگور اور ہرنائی میں 41 دہشت گرد مارے گئے۔ جس کے بعد اس آپریشن کا سلسلہ صوبے کے دیگر علاقوں تک بڑھایا گیا اور آپریشن ردالفتنہ ون میں مجموعی طور پر 216 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد مارے گئے جب کہ غیر ملکی ہتھیار، دھماکا خیز مواد اور آلات بھی قبضے میں لیے گئے۔
اس آپریشن میں فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 22 اہلکاروں نے جانوں کی قربانی دی جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 36 بے گناہ شہری بھی شہید ہوئے۔
آپریشن ردالفتنہ کے ذریعہ فورسز کے موثر ردعمل سے فتنہ الہندوستان کے بلوچستان کا امن خراب کرنے کے عزائم ناکام بنائے گئے۔ متعدد علاقوں میں دہشت گردوں کے سلیپر سیلز کے خاتمے کیلیے کومبنگ اور کلیئرنس آپریشنز کیے گئے۔
آپریشن میں دہشت گرد نیٹ ورکس کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول اور آپریشنل صلاحیت کو نقصان پہنچایا گیا۔ ابتدائی تجزیے میں دہشت گردوں کو بیرونی معاونت اور لاجسٹک سپورٹ کے شواہد ملے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن ردالفتنہ ون پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام کے تعاون سے کامیاب ہوا، جو پاکستانی بالخصوص بلوچ عوام کے عزم کی عکاس ہے۔ مسلح افواج ہر طرح کی دہشت گردی کے خاتمے کیلیے پُرعزم ہیں اور غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنانے کیلیے آپریشنز جاری ہیں۔





