بھارت کے جارحانہ، توسیع و تسلط پسندانہ عزائم ترک کرنے تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، ہماری بہادر افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی حشر کریں جو بھارتی طیاروں کا ہوا۔ قانون ساز اسمبلی سے خطاب
مہاجرین کا وظیفہ 3500 سے بڑھا کر 6 ہزار روپے ماہانہ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ قائد نوازشریف کے وژن کے مطابق کشمیر کاز اور قومی ترقی کے اہداف حاصل کریں گے، کشمیر نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم کیلئے دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس مظفرآباد میں قائم کیا جائے گا،
جموں وکشمیر کے لوگوں پر 8 لاکھ افواج مسلط کی ہوئی ہے، بھارتی فوج کشمیریوں کی سوچ پر پہرہ نہیں لگا سکتی، کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ فیصل ممتاز راٹھور..تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے، بھارت کے کشمیر کے خصوصی حیثیت ختم کرنے سے متعلق یکطرفہ اقدامات ناقابل قبول ہیں۔چودھری لطیف اکبر
بھارت کے مظالم، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور ان کی امنگوں کو دبانے میں ناکام رہی ہیں، مقبوضہ وادی کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق جلد آزادی کی صبح دیکھے گی:کسی بھی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا، مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ فیلڈ مارشل

انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی کشمیر کے ہر قائد اور شہری کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، کشمیری اپنے بچے تک قربان کر سکتے ہیں مگر حق آزادی سے دستبردار نہیں ہوسکتے، بابائے قوم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، یہ ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل کشمیریوں کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد سے ہی ممکن ہے، کشمیریوں کا حقوق خودارادیت کا مطالبہ پورا ہونے تک پاکستان اپنی حمایت جاری رکھے گا، مقبوضہ وادی کے کونے کونے سے کشمیر بنے گا پاکستان کی آواز گونج رہی ہے، عظیم قربانیوں کے نتیجے میں جلد کشمیر کی آزادی ممکن ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا، اللہ کے کرم، قوم کی دعاؤں اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت شاندار فتح نصیب ہوئی، فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو دی گئی شکست ان کی نسلیں بھی نہیں بھولیں گی، معرکہ حق میں شاندار فتح سے کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں اجاگر ہوا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عسکری اور سفارتی محاذ پر بھارتی جھوٹ کا بیانیہ دفن ہوگیا، بھارت ذلت آمیز شکست کے بعد اپنی پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، خارجہ محاذ پر بھی پاکستان نے زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں، مسئلہ کشمیر کامیابی سے اجاگر کرنے پر نائب وزیراعظم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ، توسیع و تسلط پسندانہ عزائم ترک کرنے تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، ہماری بہادر افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی حشر کریں گے جو معرکہ حق میں بھارتی طیاروں کا ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق دینا ضروری ہے، پاکستان نے اہم اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر غزہ میں قیام امن کیلئے عملی اقدامات کئے، ہم امن چاہتے ہیں لیکن یہ امن برابری کی سطح پر قائم ہو سکتا ہے، آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر علاقے میں انفراسٹرکچر بہتر بنانے کا عمل جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مہاجرین کا وظیفہ 3500 سے بڑھا کر 6 ہزار روپے ماہانہ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ قائد نوازشریف کے وژن کے مطابق کشمیر کاز اور قومی ترقی کے اہداف حاصل کریں گے، کشمیر نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم کیلئے دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس مظفرآباد میں قائم کیا جائے گا، مظفر آباد میں اسلام آباد کی طرز کا خدمت سیٹر بھی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال 2 ہزار 96 کشمیر طلبہ کو لیپ ٹاپس دیئے گئے، مزید 1700 کشمیری طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کریں گے، ایجوکیشن بینوولنٹ فنڈ کے ذریعے کشمیری نوجوان دنیا کی بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کریں گے۔
وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں سکولوں کی چھتوں کی تعمیر ومرمت کیلئے ایک ارب روپے فنڈز دینے کا بھی اعلان کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ڈھائی ماہ میں وزیراعظم شہبازشریف کا یہاں تیسرا دورہ ہے، ہندوستان نے جموں وکشمیر کے لوگوں پر 8 لاکھ افواج مسلط کی ہوئی ہے، بھارتی فوج کشمیریوں کی سوچ پر پہرہ نہیں لگا سکتی، کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام سیاسی قیادتوں نے کشمیر کے معاملے پر سنجیدگی کا اظہار کیا، سیاسی جماعتوں کا ہمیشہ کشمیریوں پر دستک شفقت رہا، وزیراعظم شہبازشریف کا بھی شکرگزار ہوں، انہوں نے کشمیر کو دانش سکول کا تحفہ دیا۔
فیصل راٹھور نے کہا کہ دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، ہم پاکستانی ہیں اورپاکستان ہمارا ہے، پاکستان سے ہمارے رشتے کو دنیا کی کوئی سازش کمزور نہیں کر سکتی، تحریک تکمیل کشمیر ہی تحریک تکمیل پاکستان ہے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چودھری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفرآباد آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مشکور ہیں، تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے، بھارت کے کشمیر کے خصوصی حیثیت ختم کرنے سے متعلق یکطرفہ اقدامات ناقابل قبول ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں، کشمیریوں کے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھارتی تسلط سے آزاد ہوں گے۔

راولپنڈی: (خصوصی رپورٹر ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کے مظالم، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور ان کی امنگوں کو دبانے میں ناکام رہی ہیں، مقبوضہ وادی کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق جلد آزادی کی صبح دیکھے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا، تحریک آزادی کے شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا، شہدائے جموں و کشمیر کی یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
.jpg)
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معززین اور سابق فوجیوں سے ملاقات کی، مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں جرات، عزم اور بے لوث جدوجہد کی روشن مثال ہیں، شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل تک مسئلہ کشمیر اجاگر کرتا رہے گا، مقبوضہ وادی کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جلد آزادی کی صبح دیکھے گی۔
.jpg)
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے مشکل آپریشنل حالات کے باوجود کشمیر میں تعینات افسران اور جوانوں کی تعریف کی، جوانوں کی غیر متزلزل وابستگی، بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کو سراہا۔
فیلڈ مارشل نے ہر سطح پر اعلیٰ آپریشنل تیاری اور مؤثر ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا اور فرنٹ لائن پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا، مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔





